جنوبی سوڈان میں شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے: اقوامِ متحدہ

جنوبی سوڈان میں شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے: اقوامِ متحدہ

 جوب(آن لائن)اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ جنوبی سوڈان کے شہریوں کو ان حالات میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا جبکہ ملک میں ایک ہفتے سے فرقہ وارانہ تشدد جاری ہے اور خانہ جنگی شروع ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔جنوبی سوڈان میں اقوامِ متحدہ کے مشن کے ترجمان جوزف کونٹیرس نے دارالحکومت جوبا میں بی بی سی کو بتایا ہے کہ ادارے کے کمپاو¿نڈ میں اب تک 20 ہزار افراد نے پناہ لی ہے اور وہ فی الحال محفوظ ہیں۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ عالمی تنظیم کو شہر میں خوراک کی تقسیم میں ناکامی کا سامنا ہے۔جوزف کونٹیرس کے مطابق دارالحکومت کے کئی علاقے اب ویران ہو چکے ہیں اور لوگ نقل مکانی کی غرض سے ہمسایہ ملک یوگنڈا کی سرحد کا رخ کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ اقوامِ متحدہ نے اتوار کو کہا تھا کہ اس نے جنوبی سوڈان کے دارالحکومت جبہ سے اپنے عملے کو یوگنڈا منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔اقوامِ متحدہ کے مطابق جنوبی سوڈان میں بڑھتے ہوئے تشدد کی وجہ سے خوف اور ناامیدی کی فضا ہے۔فلاحی کاموں کے رابطہ کار ٹوبی لانزر نے بی بی سی کو باغیوں کے قبضے میں جونگلائی ریاست کے شہر بور میں بغیر مقدمے کے لوگوں کو سزائے موت دینے کے واقعات کے بارے میں بتایا ہے۔انھوں نے کہا کہ ایک طرف بہت سے لوگ اقوامِ متحدہ کے کیمپوں میں پناہ لے رہے ہیں تو دوسری طرف بہت سے افراد جنگلوں میں چھپے ہیںجنوبی سوڈان میں تقریباً ایک ہفتہ پہلے صدر سلوا کیر کے وفادار فوجیوں اور سابق نائب صدر ریک ماچار کے حامیوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوئی تھیں جس کے بعد سے ملک میں پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔ٹوبی لانزر نے کہا کہ بور میں پناہ گزینوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے:’مجھے خدشہ ہے کہ چند دنوں میں ہم ہزاروں متاثرین کی بات نہیں کریں گے بلکہ ہم اس کشیدگی سے براہ راست متاثر ہونے والے لاکھوں افراد کی بات کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ ’وہ بہت ہی جذباتی لمحہ ہوتا ہے جب کوئی آپ سے کہتا ہے کہ کیا آپ میری جان بچا سکتے ہیں۔ٹوبی لانزر کا کہنا ہے کہ عوام کو صرف روایتی فوجیوں کے مابین لڑائی سے خطرہ نہیں بلکہ کنٹرول سے باہر نوجوانوں کے گروہوں سے بھی شدید خطرات ہیں۔حکومت کا کہنا ہے کہ وہ بور کو واپس لینے کی کوشش میں ہے لیکن اس علاقے میں حالیہ دنوں میں شدید لڑائی ہوئی ہے۔

مزید : عالمی منظر