پاکستان اور ترکی کے وفود کی ملاقات، مختلف معاہدوں پر دستخط، دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے: نواز شریف
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور ترکی نے دفاعی تعلقات بڑھانے اور دونوں ملکوں کا مستقبل محفوظ بنانے کا اعلان کیا ہے، وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مختلف ترکی کے ساتھ مختلف شعبوں میں شراکت داری قائم کریں گے، دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی معاہدے کو 2014ءکی پہلی سہ ماہی میں حتمی شکل دی جائے گی۔ ترک وزیراعظم رجب طیب اردگان نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کو مختلف شعبوں میں شراکت داری قائم کرنا ہو گی، ترک کمپنیوں کیلئے یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریل سروس دونوں ملکوں کے تعلقات میں اضافے کا باعث بنے گی۔ دفاعی تعلقات بھی بڑھا رہے ہیں، ثقافت، سیاحت اور صحت کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھایا جائے گا۔ اس موقع پر ترک وزیراعظم طیب اردگان نے کہا کہ پاکستان ہمارا بھائی ہے، ہر سطح پر تعاون جاری رکھیں اور اسے آگے بڑھاتے ہوئے دونوں ملکوں کا مستقبل محفوظ بنائیں گے۔ قبل ازیں دونوں وزرائے اعظم کی ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان افرادی قوت کی ترقی، تربیت، ٹیکنالوجی کے تبادلے، کھیلوں کے شعبے میں تعاون، وفود کے تبادلے اور قدرتی آفات سے نمٹنے میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔