اقبال ٹاؤن،مقدمہ کی تفتیش ٹھیک نہ ہونے پرخاتون کااقدام خودکشی
لاہور(وقائع نگار) اقبال ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں کے رویہ سے تنگ آ کر 40سالہ خاتون نے فلیٹ کی چھت سے چھلانگ لگا دی ہسپتال میں حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔تفصیلات کے مطابق اقبال ٹاؤن کے علاقہ چناب بلاک کی رہائشی انجم بی بی ایک فلیٹ میں رہائش پذیر تھی چند ماہ قبل وہ فلیٹ میں لاکھوں روپے کا سامان چھوڑ کر بیرون ملک چلی گئی ۔جب وہ واپس آئی تو اس کے فلیٹ کے تالے ٹوٹے ہوئے تھے اور گھر کا تمام سامان غائب تھا جس پر اس نے تھانہ اقبال ٹاؤن میں درخواست دی لیکن پولیس اہلکاروں نے تفتیش کی بجائے اسے طفل تسلیاں دیں اور وقت گزارتے رہے جس پر گزشتہ روز دلبرداشتہ ہو کر اس نے فلیٹ کی بالکونی سے چھلانگ لگادی ۔ریسکیو ٹیم نے زخمی کو قریبی ہسپتال میں منتقل کیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
