خواتین کرپشن کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، ڈی جی نیب
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) قومی احتساب بیورو نیب کی ڈائریکٹر جنرل برائے انسداد بدعنوانی و تدارک عالیہ رشید نے کہا ہے کہ بدعنوانی ملک کو درپیش بڑا چیلنج ہے اسے اوپر سے لیکر گراس لیول تک ختم کرنے کیلئے قومی عزم کی ضرورت ہے۔ وہ نیول ہیڈ کوارٹر میں نیوی کی خواتین افسران، نیوی افسران کی بیگمات اور بچوں کے اجتماع سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی ملک کو درپیش بڑا چیلنج ہے اور اسے قومی سطح پر عزم اور حوصلے کے ذریعے ختم کیا جا سکتا ہے۔ اگر ملک سے بدعنوانی ختم کر دی جائے تو پاکستان میں ترقی کی رفتار تیز ہو سکتی ہے۔ انہوں نے معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے خواتین کے کردار پر زور دیا۔ ڈائریکٹر جنرل برائے انسداد بدعنوانی و تدارک عالیہ رشید نے کہا کہ خواتین بالخصوص جو سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں پڑھ رہی ہیں وہ ملک سے اس برائی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے ماؤں اور بیگمات پر زور دیا کہ وہ اپنے اہل خانہ کو بدعنوانی سے روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ خواتین کا خاندان میں اہم کردار ہوتا ہے اور وہ اپنے خاوندوں، والدین اور بچوں کو اس برائی سے روک سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو اپنے شوہروں کے مالی معیار کے مطابق آسائشات مانگنی چاہئیں ان کی پرتعیش فرمائشوں سے ان کے شوہروں پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں اور وہ بدعنوانی کی طرف راغب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی ختم کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے بچوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کریں۔ اگر ہم ملک سے اس برائی کو ختم کر دیتے ہیں تو یہ ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان بدعنوانی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین بدعنوانی کیخلاف آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی آگاہی مہم بدعنوانی سے انکار کے پیغام پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے معاشرے بالخصوص نوجوانوں اور خواتین کو ہماری اس مہم کا حصہ بننا چاہئے۔
