پنجاب بھر کی شوگر ملوں میں گناکس قیمت پر خریدار جارہا ہے ؟ ایسے انکشافات کہ حکومت کو اپنی بے بسی پررونا آجائے
سرگودھا (آصف شبیر سے )حکومت پنجاب نے اشتہارات اور سرکاری نوٹس کے ذریعہ سے بھی شوگر ملوں کے مالکان کو گنا کنٹرول ریٹ پر خریدنے کی ہدایت کی ہے اسکے باوجود پنجاب بھر کے کاشتکاروں کو گنا مقررہ ریٹ سے کم قیمت پر بیچنے پر مجبور کیا جارہا ہےجبکہ مڈل مین اور کٹوتی کی وجہ سے کاشتکاروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑرہا ہے،رواں سال گنے کے کاشتکاروں سے ہونے والی زیادتی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، پہلے مل مالکان نے کسانوں سے گنا اٹھانے سے انکار کر دیا جس سے کسانوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور فصل سڑکوں پر رلنے لگی،کچھ کسانوں نے مشتعل اور مایوس ہو کر اپنی فصلیں جلا دیں لیکن جب عدالت کے حکم پر ملیں کھولی گئیں تو کسانوں سے 180 روپے من کا وعدہ کیا گیا، بعد میں یہ وعدہ بھی ایفا نہ ہوا اور کسانوں کو زور زبردستی کم قیمت پر گنا بیچنے پر مجبور کیا جانے لگاہے، کہیں140 تو کہیں گنا 160 روپے خریدا جارہا ہے ۔
اس سلسلہ میں ’’ڈیلی پاکستان آن لائن‘‘ نے ایک سروے میں پنجاب کے مختلف کاشتکاروں سے اصل حقیقت اورحقیقی صورتحال بارے پوچھا تو انکشاف ہوا کہ جن ملوں پر گنا کنٹرول ریٹ پر خریدا جاتا ہے وہاں کٹوتی اور مڈل مین کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔کاشتکار ظفر عباس کا کہنا ہے مل مالکان کم قیمت پر گنا خرید کر ایک سو اسی روپے کی رسید دیتے ہیں۔جھانگیر عباس جنجوعہ کا کہنا ہے کہ کنڈوں پر کم ریٹ پرخریداری کی جا رہی ہے۔ کاشتکار جام امین کا کہنا ہے کہ جو مل پیسے پورے دیتی ہے وہ وزن میں کٹوتی کرلیتی ہے۔کاشتکار محسن عبدالعزیز کے مطابق مڈل مین 140 روپے میں گنا خرید رہے ہیں۔
لائیو ٹی وی پروگرامز، اپنی پسند کے ٹی وی چینل کی نشریات ابھی لائیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
سروے کے مطابق پنجاب میں گنا جن مبینہ قیمتوں پر خریدا جارہاہے وہ کچھ یوں ہیں ، فیصل آباد میں حسین شوگر مل155،گورمے شوگر مل140،چنیوٹ میں رمضان مل160،مدینہ مل155،جھنگ میں کشمیر مل160،حق باہو مل150،سراج150رحیم یار خان میں حمزہ شوگر مل180،جے ڈی ڈبلیو مل180،مظفر گڑھ، راجن پور میں فاطمہ شوگر مل 155،شیخو160، انڈس180سرگودھا اور بھلوال میں پاپولر مل160،نون مل150،خوشاب میں کوہ نور مل،160،میانوالی المعز مل160 روپے میں گنا خرید رہی ہیں ۔