پاکستان اور تھائی لینڈمیں تجارت کے کئی مواقع موجود ہیں‘تھاتری چواچاٹا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اور تھائی لینڈ کے تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں دونوں ممالک کے مابین اقتصادی، معاشی، تعلیمی، سیاحتی اورسماجی شعبوں میں باہمی روابط کی ضرورت ہے۔ تھائی لینڈپاکستان سے سی فوڈبرآمد کرنے والے بڑے ممالک میں سے ہے دیگر کئی شعبوں میں بھی تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہارپاکستان میں متعین تھائی قونصل جنرل تھاتری چواچاٹا نے تھائی قونصلیٹ کے دورے پر سیو پاکستان فاونڈیشن کے سیکریٹری جنرل کامران چوہان کی سربراہی میں آئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں وائس چیئرمین شیراز خادم، ڈپٹی سیکریٹری جنرل راشد سردار اور محمدآفتاب بھی شامل تھے۔ تھائی قونصل جنرل تھاتری چواچاٹا نے سیو پاکستان فاونڈیشن کی سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے آئندہ پروجیکٹس میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔ اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے وائس چیئرمین شیراز خادم نے کہاکہ تھائی لینڈ نے سیاحت کے شعبے میں ترقی کرکے اپنی معیشت کومستحکم کیا۔سیوپاکستان فاونڈیشن تھائی قونصلیٹ کے معاونت سے پاکستانی طلباء کیلئے اسکالرشپس کا آغاز کرنے جارہی ہے۔ تعلیم،صحت، سیاحت، ثقافت سمیت دیگرشعبوں میں بھی تھائی قونصلیٹ سے اشتراک جاری رکھیں گے تاکہ پاکستان کے نوجوانوں کو عالمی معیار کی سہولیات اور تربیت میسرہوسکے۔اس موقع پر وائس چیئرمین سیوپاکستان فاونڈیشن شیرازخادم نے اپنی کتاب ”کشمیرمیرے سامنے“تھائی قونصل جنرل تھاتری چواچاٹاکو پیش کی۔