احساس پروگرام سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی، نصرت واحد
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نصرت واحد نے کہا ہے کہ احساس پروگرام سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ مستحق افراد اشیاء خوردنوش آٹے، گھی، چینی و دیگر اشیاء پروگرام کے ذریعے حاصل کرسکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کارکن عوامی رابطہ مہم تیز کریں، گھر گھر جا کر شہریوں سے رابطہ کریں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوششیں کریں۔، وزیر اعظم عمران خان نے وزراء ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنے تمام تر وسائل استعمال کریں۔ پارٹی اپنے انتخابی منشور پر مکمل عملدرآمد کرے گی۔ اس سلسلے میں پارٹی رہنما متحرک ہیں۔ نصرت واحد نے مزید کہا کہ حکومت غربت و بیروزگاری اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن کوششیں کررہی ہے اور جلد ہی اس بحران پر قابو پالیا جائے گا۔ خوشحال پاکستان تحریک انصاف کا مشن ہے۔ عوام کو اس سلسلے میں ہر ممکن ریلیف دیں گے۔ اس کیلئے خصوصی پروگرام بھی ترتیب دیا گیا ہے۔