کسی بھی ادارے کیلئے برانڈ نگ پیغام اور امیج ضروری ہیں، شہرام ترکئی

کسی بھی ادارے کیلئے برانڈ نگ پیغام اور امیج ضروری ہیں، شہرام ترکئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور (سٹی رپورٹر) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے برانڈنگ مینول اور بی سی سی سٹریٹجی تیار کر لئے مینول کے تحت ڈبلیو ایس ایس پی گاڑیوں، کوڑا دانوں اور ٹیوب ویلوں کی مخصوص رنگ میں برانڈنگ کی جائے گی جس سے ڈبلیو ایس ایس پی تنصیبات، گاڑیوں اور آلات کا پتہ چل سکے گاجبکہ صارفین کو رسائی میں آسانی ہوگی، بی سی سی سٹریٹجی کے تحت عوام، حکومتی و امدادی اداروں اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے روابط بڑھاکر انہیں ڈبلیو ایس ایس پی کی خدمات اور درپیش چیلنجوں سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے حصے کا کردار ادا کرنے کی جانب راغب کیا جائے گا جبکہ عوامی رویوں میں تبدیلی لانے کے لئے تسلسل کے ساتھ منتخب نمائندوں، علماء، اساتذہ، طلبہ اور سٹیک ہولڈرز کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔ مینول اور سٹریٹجی، جو سوئس ڈویلپمنٹ کارپوریشن (ایس ڈی سی) کے تعاون سے تیار کئے گئے ہیں، ورکشاپ میں ماہرین کے سامنے پیش کئے گئے، اس موقع پر وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی مہمان خصوصی تھے، ڈبلیو ایس ایس پی بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین حاجی محمد جاوید اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈبلیو ایس ایس پی سید ظفر علی شاہ بھی موجود تھے۔ شعبہ صحافت وابلاغ عامہ پشاور یونیورسٹی کے چیئرمین ڈاکٹر فیض اللہ جان، علی عمران، ڈبلیو ایس ایس پی بورڈ کے ارکان ڈاکٹر اقبال خلیل، خورشید خان،یونیسف کے واش کلسٹر کوآرڈی نیٹر شعیب خان، راشد خان اور اقراء یونیورسٹی کے فائن آرٹس ڈیپارٹمنٹ کے شاہ حامد نے سٹریٹجی اور مینول بارے ماہرانہ رائے دی۔ ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں مینول اور سٹریٹجی میں ضروری ردوبدل کیا جائے گا اور انہیں منظوری کے لئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو پیش کیا جائے گا۔بی سی سی سٹریٹجی کے تحت بروقت معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کوششیں کی جائیں گی جہاں کہیں ممکنہ رکاؤٹیں اور مسائل سامنے آئیں گے تمام سٹیک ہولڈرز سے ملکر ان کا ازالہ کیا جائے گا، علماء،اساتذہ، تاجروں اور منتخب نمائندوں سمیت تمام طبقات کی خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے لوگوں کو مقررہ مقامات پر گندگی پھینکنے اور عملے سے تعاون اور پانی ضرورت کے مطابق استعمال کرنے کی جانب راغب کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں مالی استحکام، انتظامی وآپریشنل امور میں بہتری لانے کے لئے بھی کام کیا جائے گا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ نے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوڑا کرکٹ کو موثر طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لئے جامع پروگرام وضع کیا ہے، بی سی سی سٹریٹجی کے تحت عوامی رویوں میں تبدیلی لانے کے لئے کام کیا جائے گا، عملے کی استعداد کار بڑھا رہے ہیں 40 لاکھ لگ بھگ آبادی کے شہر کی صفائی کا بیڑہ تین ہزار ملازمین نے اٹھا رکھا ہے جب تک عوام تعاون نہیں کریں گے مطلوبہ اہداف حاصل نہیں ہوں گے۔اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے کہا کہ ملک بھر میں کوڑا کرکٹ، پینے کے پانی اور سیوریج سے متعلق مسائل کا مکمل حل کہیں نہیں ہے خیبر پختونخوا سٹی امپرومنٹ پروگرام کے تحت ان مسائل کا مکمل حل ڈھونڈا جائے گا، کسی بھی ادارے کے لئے برانڈنگ، پیغام اور امیج انتہائی ضروری ہیں ڈبلیو ایس ایس پی کے لئے برانڈنگ مینول اور بی سی سی سٹریٹجی کی تیاری خوش آئند ہے حکومت اس کے نفاذ میں مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ رویوں میں تبدیلی لانے کے لئے بچوں سے آغاز کرتے ہوئے انہیں ٹھیک اور غلط کا احساس دلانا ہوگا اس مقصد کے لئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیغام عام کرنے کے لئے اردو اور مقامی زبان استعمال کی جائے موثر پیغام کے لئے ماہرین کی خدمات سے استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات اور ڈبلیو ایس ایس سیز کی مکمل برانڈنگ کی جائے گی اور سب کی ایک ہی کلر سکیم ہوگی