باغبا نپورہ فیکٹری میں چوکید ار کے قتل میں ملوث ڈاکو گرفتار
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے اندھے قتل کی2 سنگین وارداتوں کو ٹریس کر کے 7ملزمان کو گرفتارکر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق باغبانپورہ پولیس ٹیم نے فیکٹری چوکیدار عمرحیات کے اندھے قتل کی واردات میں ملوث مرکزی ملزم عبدالرزاق اور اس کے 4ساتھیوں وحید، الطاف، عرفان اور غلام شبیر کو گرفتار کر لیا ہے۔ملزم عبدالرزاق سابقہ فیکٹری ورکر ہے جس نے چند روز قبل فیکٹری سے ملازمت چھوڑ دی تھی اور وہ جانتا تھا کہ فیکٹری کے اندر ہر وقت لاکھوں روپے کی سلور تار موجود ہوتی ہے جو اپنے ساتھیوں کے ساتھ تار چوری کرنے کے لیے فیکٹری گیا۔فیکٹری چوکیدار عمر حیات نے ملزمان کو تار چوری کرتے ہوئے دیکھ لیا جس پر ملزمان نے اپنی چوری چھپانے اورپکڑے جانے کے ڈرسے اس کے سر پر لوہے کے راڈ مار کر بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔ انویسٹی گیشن سندر پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مقتول سلیم کے اندھے قتل کی واردات میں ملوث 2ملزمان مجید اور اس کے سالے صابر کو گرفتار کر لیا ہے۔مقتول محمد سلیم نے ملزم مجید اور اس کی بیوی کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرکے ملزم کی بیوی کواپنی جانب راغب کر رکھا تھا۔مجید کی بیوی لڑ کر میکے چلی گئی۔ میاں بیوی کے درمیان صلح ہونے پر مجیدنے مقتول سلیم کے قتل کا منصوبہ بنایااور اپنے سالے صابر کے ساتھ مل کر NFCسکیم میں مقتول کوچھریوں کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے تھے۔