کرسمس، نیو ایئر نائٹ پر سیکیورٹی انتظامات فول پروف بنائے جائیں، شعیب دستگیر

  کرسمس، نیو ایئر نائٹ پر سیکیورٹی انتظامات فول پروف بنائے جائیں، شعیب ...

  



لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ کرسمس کے موقع پر صوبہ بھر میں کرسچن کمیونٹی اور ان کے مذہبی مقامات کے علاوہ تفریحی مقامات کے تحفظ کیلئے ڈی پی اوز اپنی نگرانی میں سیکیورٹی پلان تیار کروائیں جس میں سنٹرل پولیس آفس سے جاری کردہ ہدایات کو مد نظر رکھا جائے تاکہ مسیحی کمیونٹی بلا خوف وخطر پر امن ماحول میں اپنا مذہبی تہوارکرسمس جوش و جذبے کے ساتھ منا سکیں۔انہوں نے کہاکہ شہریوں کو یہ پیغام جانا چا ہئے کہ ریاست کیلئے تمام شہری یکساں ہیں،انہوں نے کہا کہ حساس گرجا گھروں کی چھتوں پر سنائپرزکو لازمی تعینات کیاجائے۔ مسیحی آبادیوں کے گردونواح ڈولفن، پیرو سمیت دیگر پٹرولنگ کا منظم پلان بنایا جائے۔ بڑے شہروں میں نیو ائیر نائٹ سیکیورٹی انتظامات کیلئے پولیس گشت کا منظم اور موثر پلان بنایا جائے جس میں شامل چاک و چوبند اہلکار قانون شکنی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کاروائی میں ہرگز تاخیر نہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی نے آئی جی پنجاب کوبتایا کہ کرسمس، قائد اعظم ڈے اور نیوائیر نائٹ کے موقع پرمجموعی طور پر تقریباََ36ہزار سے زائد افسران و اہلکارشہریوں کی سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایات دیتے ہوئے مزید کہاکہ صوبہ بھر میں میں زہریلی شراب، آئس اور دیگر منشیات بیچنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کو تیز کیا جائے،کرسمس اور نیو ایئر تقریبات کے موقع پر کچی اور کیمیکل زدہ شراب کے استعمال سے شہریوں کی ہلاکت کے متعدد واقعات ہوچکے ہیں۔کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی، ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی محمد طاہر رائے، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ زعیم اقبال شیخ، ڈی آئی جی ایس پی یو عمر شیخ، ڈی آئی جی لیگل جواد احمد ڈوگر، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر سیدخرم علی، ڈی آئی جی آئی اینڈ بی عمران محمودسمیت دیگر افسران شامل تھے۔

مزید : علاقائی


loading...