وزیراقلیتی امور کی کرسمس کی مختلف تقریبات میں شرکت

  وزیراقلیتی امور کی کرسمس کی مختلف تقریبات میں شرکت

  



لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے کرسمس کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے حوالے سے لاہور کے مختلف مقامات میں منعقدہ تقاریب میں خصوصی شرکت کی۔تفصیل کے مطابق صوبائی وزیر نے گزشتہ روز جنرل ہسپتال میں مسیحی ملازمین کی دعوت پر کرسمس کی تقریب میں شرکت کی اور ان کے ساتھ کیک کاٹا۔ بعد ازاں پاکستانی چوک اچھرہ میں یوسی 84کے صدر چوہدری مدثر کمبوہ کی دعوت پر ایم پی اے ہارون عمران گل کے ہمراہ تقریب میں شرکت کی۔مسیحی برادری کے مستحق افراد میں راشن بھی تقسیم کیا جبکہ مسیحی برادری سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہاکہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے اور بھارت میں انسانیت کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں 140سے زائد روز گز ر جانے کے بعد بھی کشمیری عوام تمام بنیادی سہولتوں سے محروم ہے اور بھارت کی جانب سے مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی میں بھی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔قبل ازیں صوبائی وزیر نے اخوت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ایس ٹی میری میڈلین،کینٹ میں کرسمس کی تقریب میں شرکت کی اور مسیحی برادری سے خطاب کے دوران کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں اقلیتو ں کے حقوق کی حفاظت یقینی بنائی جا رہی ہے تاہم ہم سب کا فرض ہے کہ اپنے اردگرد پیار و محبت کو فروغ دینے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔انہوں نے مسیحی برادری کو بتایا کہ کرسمس کی آمد کے حوالے سے صوبہ بھر میں کرسمس بازار قائم ہو چکے ہیں جبکہ لاہور میں 05بازار قائم کردیئے گئے ہیں جو کہ 22دسمبر سے 24دسمبر تک فعال رہیں گے جبکہ تمام متعلقہ محکموں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں کہ اشیاء کے ریٹس اور فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...