انبیاء کرام کی تعلیمات پر عمل کرنا ناگزیرہے،پروفیسر نیاز احمد

  انبیاء کرام کی تعلیمات پر عمل کرنا ناگزیرہے،پروفیسر نیاز احمد

  



لاہور (لیڈی رپورٹر)وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے کہا ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے انبیاء کی تعلیمات پر عمل کرنا لازمی ہے۔ کیونکہ تمام انبیاء کرام نے دنیا میں امن، بھائی چارہ اور محبت پھیلانے کا درس دیا۔ وہ کرسمس کے سلسلے میں الرازی ہال میں پنجاب یونیورسٹی مسیحی ملازمین کی جانب سے منعقدہ کیک کٹنگ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر سلیم مظہر، اقبال چاولہ، رجسٹرار خالد خان، صدر اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن ڈاکٹر ممتاز انور، اقامتی آفیسر دوئم جلیل طارق،مسیحی برادری کے رہنماء چوہدری مشتاق مسیح،بشپ عارف خرم، ملازمین اور ان کے فیملی ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور پنجاب یونیورسٹی میں مسیح ملازمین کو تمام شعبوں میں یکساں مواقع مل رہے ہیں اور میرٹ پر انہیں روزگار مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی ملازمین کے اچھے کاموں کی بدولت یونیورسٹی کی خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے مسیحی ملازمین کو تلقین کی کہ وہ اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں۔ انہوں نے کرسمس کے موقع پر مسیحی ملازمین کے لئے اعزازیے کا بھی اعلان کیا۔ بعد ازاں وائس چانسلر نے کرسمس کا کیک کاٹا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...