نیب میں پیش نہیں ہونگا، ہمت ہے تو گرفتار کر لو، مزید خطرناک ہو جاؤنگا: بلاول بھٹو

نیب میں پیش نہیں ہونگا، ہمت ہے تو گرفتار کر لو، مزید خطرناک ہو جاؤنگا: بلاول ...

  



  کراچی(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو نے انہیں آج 24 دسمبر کو طلبی کا نوٹس بھیجا ہے لیکن وہ پیش نہیں ہونگے،کیا خیبر پختونخوا کے کسی وزیر کو نیب کا نوٹس ملا؟ عمران خان کیخلاف نیب کے مقدمات زیر التوا ہیں، ملک میں آمرانہ طرز عمل سے حکومت چلائی جارہی ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا آج انہیں کس بنیاد پر نیب نے طلب کیا ہے؟ سابق چیف جسٹس بھی کہہ چکے ہیں بلاول بیگناہ ہے تو کیوں بلایا جارہا ہے، حکومت اپوزیشن کی آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے اور اس کا لیول یہ ہے کہ ایک بیٹے کو ماں کی برسی منانے نہیں دے رہی۔پہلے بھی نیب کے سامنے پیش ہوتا رہا ہوں اور نیب کے سامنے پیش ہو کر سوالات کے جواب دیے تھے، جبکہ جرم ثابت ہوئے بغیر کیسز بنائے جاتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا اپوزیشن کی مثبت تنقید بھی برداشت نہیں کی جار ہی، ہم سے سیاست کرنے کا حق چھینا جارہا ہے، حکومت اپوزیشن کیخلاف سازش اور جھوٹے کیسز بنائے جارہی ہے، عوام اور اپوزیشن کو ہراساں کرنا چاہتی ہے۔پیپلز پارٹی قانو ن کی حکمرانی تسلیم کرتی ہے، وہ پہلے کبھی دباؤ میں آئی نہ آئے گی، کسی کی دھمکیوں کے سامنے پہلے جھکے نہ اب جھکیں گے، 27 دسمبر کو بی بی شہید کی برسی لیاقت باغ راولپنڈی میں منا ئیں گے جبکہ ہمارے ساتھ 72 لوگ ہوں یا 72 ہزار ہم لیاقت باغ جائیں گے۔نیب آمر کا بنایا ہوا کالا قانون جسے ہم نہیں مانتے جبکہ ہم پر کیا دباؤ ہے اس کا سب کو علم ہے، کسی ایک معاملے سے متعلق دباؤ نہیں لیکن بینظیر اور ذوالفقار علی بھٹو شہید کے فلسفے پر سمجھوتہ نہیں کروں گا، اگر ہمت رکھتے ہو تو مجھے گرفتار کر لو اور اگر گرفتار ہوا تو زیادہ خطرناک ہوجاؤں گا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا گلگت بلتستان کا دورہ کیا تو اگلے دن نیب کا نوٹس آگیا، جب سے سیاست کر رہا ہوں جعلی نیب کی طرف سے نوٹس آنے لگے ہیں لیکن میں اپنے خلا ف تمام الزامات کو مسترد کرتا ہوں۔کٹھ پتلی حکومت کا راج قبول نہیں جس میں عوام پریشان ہیں، حکمرانوں میں عوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں جبکہ وہ قانون سازی میں بھی سنجیدہ نہیں، سیاسی یتیموں کو بتا دوں کہ اگلا سال الیکشن کا ہے اور آئندہ الیکشن میں سیاسی یتیموں کا وقت پورا ہو جائے گا۔

بلاول بھٹو

مزید : صفحہ اول