احسن اقبال نے سی پیک پر حکومتی نااہلی کو بے نقاب کیا، گرفتاری قابل مذمت: شہبا زشریف 

احسن اقبال نے سی پیک پر حکومتی نااہلی کو بے نقاب کیا، گرفتاری قابل مذمت: ...

  



لاہور،لندن (آن لائن،آئی این پی) مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے احسن اقبال کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ احسن اقبال نے چین، پاکستان کی دوستی اور سی پیک کو مضبوط بنایاان کی گرفتاری نیب اور حکومت کا گٹھ جوڑ ہے۔ایسے شخص کی گرفتاری قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ پاکستان کی خدمت کرنے والی شاندار ٹیم کے ایک اور رکن کی گرفتاری اچھی روایت نہیں۔ احسن اقبال کی گرفتاری کا مقصد سی پیک پرحکومت کی نالائقی اور نااہلی کو عوام کے سامنے بے نقاب ہونے سے روکنا ہے۔ جس ادھورے منصوبے کو مکمل کرنے پر انھیں شاباش ملنا چاہئے تھی۔ اس میں گرفتاری سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہو چکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا ہر سپاہی، کارکن اور ٹیم ممبر حکومت اور نیب کے گٹھ جوڑ سے گھبرا کر سچ بولنے سے باز نہیں آئے گا۔ حکومت کی سی پیک، عوام اور پاکستان دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے،حکومت ملک اور عوام کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے، اس لئے سیاسی انتقام کے ذریعے توجہ ہٹانے میں مصروف ہے۔مریم نواز کو باہر جانے کی اجازت نہ دینے سے متعلق انہوں نے کہا کہ  مریم نواز کوباہر جانے کی اجازت نہ دینا بدترین فسطائیت ہے، عمران حکومت معاشی اورخارجہ محاذ پر مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کوالالمپور کانفرنس میں شرکت نہ کرنا عمران خان کی ہٹ دھرمی کا نتیجہ ہے۔عمران حکومت معاشی اورخارجہ محازمکمل طور پر ناکام دکھائی دیتی ہے۔ عمران خان کا خارجہ معاملات پرخود کو افلاطون سمجھنے کا یہی نتیجہ نکلنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران حکومت کو بھارت کے ساتھ پینگیں بڑھانے کا منفی جواب ملا۔ یہ وہ مودی ہے جس سے عمران خان دوستی کی پینگیں بڑھاتے تھے۔شہبازشریف نے کہا کہ مریم نواز کے معاملے پرلاہور ہائیکورٹ سے انصاف ملنے کی توقع ہے۔  

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول