صحافی جمال خاشقجی قتل کیس، 5افراد کو سزائے موت، 3کو 24سال قید کا حکم 

  صحافی جمال خاشقجی قتل کیس، 5افراد کو سزائے موت، 3کو 24سال قید کا حکم 

  



ریاض (آئی این پی) سعودی عدالت نے صحافی جمال خاشقجی قتل کیس میں پانچ افراد کو سزائے موت جبکہ قانون شکنی اور جرم چھپانے کا جرم ثابت ہونے پر تین افراد کو 24سال قید کی سزا سنا دی، عدالت نے ان تین افراد کے خلاف الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں مجرم نہیں ٹھہرایا۔سعودی وزارت خارجہ نے ٹوئٹر پر جاری کردیا بیان میں بتایا ہے کہ پبلک پراسیکیوٹر نے اپنی تحقیقات مکمل کر لیں۔ اس کیس میں 31 افراد شامل تھے، جن میں سے 21کو گرفتار کیا گیا جبکہ دس کو تفتیش کیلئے بلایا گیا تھا۔ سعودی پراسیکیوٹر کے مطابق تحقیقات سے جو نتائج سامنے آئے ان میں سے11افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور ریاض کی کرمنل کورٹ میں ان پر فردجرم عائد کی گئی۔ پراسیکیوٹر کے مطابق ریاض کی عدالت نے ان 11 افراد کے خلاف اپنا فیصلہ سنایا ہے جس میں پانچ افراد کو قتل میں براہ راست ملوث ہونے پر موت کی سزا سنائی گئی ہے۔ جبکہ تین افراد کو جرم چھپانے اور قانون شکنی کے الزام میں قید کی سزا سنائی گئی۔ عدالت نے تین افراد کے خلاف الزامات کو مسترد کر دئیے ہیں۔

صحافی جمال خاشقجی قتل کیس

مزید : صفحہ اول