مودی سرکار شہریت کے متنازعہ قانون کی آگ میں جل کر راکھ ہو جائیگی: عثما ن بزدار

      مودی سرکار شہریت کے متنازعہ قانون کی آگ میں جل کر راکھ ہو جائیگی: عثما ن ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ شہریت کے متنازعہ کالے قانون پر پورا بھارت سراپا احتجاج ہے اوربھارت کے عوام نے مودی سرکار کے اس بدترین قانون کو مسترد کردیا،نام نہادسیکولربھارت کا سیاہ چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے، مودی آج کے دور کاہٹلر بن گیا ہے، بھارت میں مسلمانوں پر زمین تنگ کر دی ہے۔ان کیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے کہا کہ جمہوریت کے نام نہاد دعویداروں نے یہ قانون پاس کر کے انسانی حقوق اورجمہوری روایات کو پامال کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے باضمیر شہری بھی اس متنازعہ قانون کے خلاف سڑکوں پر ہیں۔مودی سرکار اس آگ سے کھیل رہی ہے،جس میں وہ خود جل کرراکھ ہوجائے گی۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 5اگست سے جاری لاک ڈاؤن کے باعث کشمیری عوام کا جینا دوبھر ہوچکا ہے،بھارت غیر جمہوری اورغیر آئینی ہتھکنڈے استعمال کر کے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو غلام بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنی ہٹ دھرمی کے باعث لاکھوں انسانوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کوئی کشمیر سے جدا نہیں کرسکتااورمظلوم کشمیری عوام کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کے ضمیر کو بیدار ہونا پڑے گا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزیاں خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں تاہم بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے،پاکستان کے 22کروڑ عوام اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ ہیں۔پاکستان کی بہادر مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلا حیت رکھتی ہیں -انہوں نے کہا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں بھارت کو ایسا منہ توڑ جواب ملے گا کہ اس کی نسلیں یاد رکھیں گی۔  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ اورسیریزمیں کامیابی پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل سے سری لنکاٹیم کو شکست دی اورقومی کرکٹ ٹیم نے کھیل کے ہر شعبہ میں سری لنکاکی ٹیم کو آؤٹ کلاس کر کے فتح اپنے نام کی۔ انہوں نے کہا کہ میچ میں کامیابی ٹیم ورک اور کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے فیصل آباد کے علاقے میں سابق ڈپٹی میئر شیخ یوسف کے بیٹے کی شادی پر میرج ایکٹ کی خلاف ورزی کے حوالے سے جیو نیوز پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر فیصل آباد ڈویژن سے رپورٹ طلب کر تے ہوئے میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پر ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے - وزیر اعلی نے کہا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے۔وزیر اعلی نے میرج ایکٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی افسران اپنے متعلقہ علاقوں میں ون ڈش اور وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے آج پنجاب کابینہ کااجلاس طلب کر لیا، اجلاس میں 17 نکاتی ایجنڈا زیر غور آئے گا۔

؎ سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول


loading...