سٹاک مارکیٹ میں مندی کا تسلسل برقرار، 1کھرب 26کروڑ سے زائد کا نقصان
کراچی (اکنامک رپورٹر) پاکستان سٹاک مارکیٹ کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو شدید مندی کی زد میں رہی اور گزشتہ ہفتے کے آخری تین روز جاری رہنے والی مندی کے تسلسل میں سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کا دباؤ دیکھنے میں آیا جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس 824.70پوائنٹس کی کمی سے40008.29پوائنٹس کی سطح پر آگیا جبکہ 84.50فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے سبب سرمایہ کاروں کو ایک کھرب 26ارب13کروڑ34لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑااور کاروباری حجم بھی گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت8.9فیصد کم رہا۔مسلسل چوتھے کاروباری سیشن کے دوران سرمایہ کار تذبذب کا شکار نظر آئے جس کی وجہ سے ایک موقع پرکے ایس ای 100 انڈیکس40ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 39931پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا تاہم بعد ازاں منافع بخش کمپنیوں کے سستے ہونیوالے شیئرز کی خریداری سے ریکوری آئی اور انڈیکس 40ہزار کی نفسیاتی حد بحال کرگیا لیکن تیزی کا رجحان غالب رہااور مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 824.70پوائنٹس کی کمی سے40008.29پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای30انڈیکس 388.86پوائنٹس کی کمی سے18267.62پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس469.97پوائنٹس کی کمی سے 28648.23 پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز مجموعی طور342کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے41کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ289میں کمی اور12میں استحکام رہا۔مندی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت گھٹ کر77کھرب 19ارب55کروڑ63لاکھ روپے ہوگئی۔
سٹاک مارکیٹ
کراچی (کامرس رپورٹر)انٹر بینک مارکیٹ میں پیر کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر7پیسے مہنگا ہوگیا،اوپن مارکیٹ میں ڈالر اور یورو کی قدر مستحکم رہی جبکہ برطانوی پاونڈ کی قدر میں ملا جلا رجحان رہا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روزانٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر میں 7پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 154.88سے بڑھ کر154.95روپے،قیمت فروخت154.98 سے بڑھ کر155.05روپے ہوگئی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 154.70 اور قیمت فروخت 155روپے مستحکم رہی۔دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت خرید 170.50 اور قیمت فروخت 172روپے برقرار رہی جبکہ برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید 200روپے مستحکم رہی اور قیمت فروخت40پیسے کے اضافے سے201.60سے بڑھ کر 202روپے ہوگئی۔سعودی ریال کی قیمت خرید41.05 سے بڑھ کر 41.10 اور قیمت فروخت41.35 سے بڑھ کر 41.40روپے ہوگئی، یو اے درہم کی قیمت خرید42.05 سے بڑھ کر 42.10 اور قیمت فروخت42.35 سے بڑھ کر 42.40روپے ہوگئی۔چینی یوآن کی قیمت خرید 22 اور قیمت فروخت 22.90روپے مستحکم رہی۔ادھر بین الاقوامی مارکیٹ میں گزشتہ روز فی اونس سونے کی قیمت میں 6ڈالرکا اضافہ ہواجس کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی فی تولہ سونامزید400روپے مہنگا ہوگیا۔آل کراچی صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق پیرکوبین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت6ڈالرکے اضافے سے بڑھ کر1484ڈالرہوگئی جس کے زیر اثر کراچی،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 400 کے اضافے سے 86400ہزار اوردس گرام سونے کی قیمت 342 کے اضافے سے بڑھ کر74074روپے ہوگئی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت970 اوردس گرام کی قیمت832روپے مستحکم رہی۔
ڈالر، سونا