منہاج یونیورسٹی کے زیراہتمام کرسمس کے حوالے سے تقریب

  منہاج یونیورسٹی کے زیراہتمام کرسمس کے حوالے سے تقریب

  



لاہور(پ ر)منہاج یونیورسٹی لاہور کے شعبہ مذاہب اور فلسفہ کے زیر اہتمام کرسمس ڈے کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر حسین محی الدین الدین قادری،وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، ایچ او ڈی شعبہ مذاہب اورفلسفہ ڈاکٹر ہرمن روبرگ، ڈائریکٹر بین المذاہب تعلقات منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے خصوصی خطاب کیا۔کرسمس کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر حسین محی الدین الدین قادری نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی نے ہمیشہ بین المذاہب ہم آہنگی اور بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ یونیورسٹی میں مسیحی بھائیوں کے تہوار کرسمس کا خوبصورت دن منانا ہمارے لئے بے حد خوشی اور اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں دیگرمذاہب عالم کے ماننے والوں کے ساتھ پیار اور ہم آہنگی کا درس دیتا ہے اور اس حوالے سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اپنے ملفوظات کے ذریعے دیگر مذاہب کے لوگوں کے ساتھ امن،رواداری اور پیار کے جو بیج بوئے تھے آج وہ ایک تناور درخت کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔۔وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر ساجد محمود شہزادنے کرسمس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ '' شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کے وڑن کے مطابق، منہاج یونیورسٹی لاہور بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ یونیورسٹی کے دروازے مسیحی، سکھ، ہندو اور بدھ مذہب سمیت تمام مذاہب کے طلبہ کے لئے کھلے ہیں، منہاج یونیورسٹی طلبہ کو بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب معیاری تعلیم کی فراہمی اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ڈاکٹر ہرمن روبرگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرسمس کا دن یسوع مسیح کی تعلیم پر روشنی ڈالتا ہے جو ہم آہنگی اور مساوات کا حامل ہے لہذا میں تمام شرکاء کو کرسمس کی تقریب میں آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ جب تک اسلام،عیسائیت اور دیگر مذاہب کے لوگ باہمی تعاون، احترام اور خیر سگالی کے جذبے کے ساتھ آگے نہیں بڑھیں گے اس وقت تک دنیا میں امن ممکن نہیں ہو سکے گا۔تقریب میں رجسٹرار منہاج یونیورسٹی کرنل(ر) محمد احمد،ڈائریکٹر اکیڈیمکس منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر خرم شہزادسمیت مختلف تعلیمی شعبہ جات کے سربراہان اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں موجودمختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی مہمانوں جن میں امریکہ سے امن کے سفیر ڈاکٹر لیف ہیلٹنڈ،ڈاکٹر مارکوس فدا، ڈاکٹر جیمز،ڈاکٹر جو ولسن سمیت دیگر مہمانان گرامی نے بھی شرکت کی اور کرسمس تہوار کی پروقار تقریب کی میزبانی پر منہاج یونیورسٹی انتظامیہ کی تعریف کی۔ پروقار تقریب کے اختتام پر کرسمس کا کیک کاٹا گیا اور ملکی سلامتی خوشحالی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی

مزید : میٹروپولیٹن 1