حکومت مہنگائی پر قابو پانے کی ناکام کوشش کررہی ہے،اسلم گل

حکومت مہنگائی پر قابو پانے کی ناکام کوشش کررہی ہے،اسلم گل

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی پنجاب کے سینئرنائب صدر چودھری محمد اسلم گل اور زونل صدر صداقت شیروانی نے کہا ہے کہ روٹی کی قیمت میں اضافے پر مستعفی ہونے والے وزیر کہاں گئے؟حکومت نان بائی ایسوسی ایشن کو مہنگی گیس اور مہنگا آٹا دے کر روٹی سستی فروخت کرنے کا پابند کررہی ہے۔مصنوعی حکومت مصنوعی طریقے سے مہنگائی کنٹرول کرنے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔حکومتی وزراء کی فوج صرف پروٹوکول انجوائے کرنے میں مصروف ہیں جبکہ عوام دن رات ان نالائقوں کو بدعائیں دے رہے ہیں۔دو نہیں ایک پاکستان کا نعرہ لگانے والوں نے امیر اور غریب کیلئے الگ الگ پاکستان بنادیا ہے۔انہوں نے مزید کہا عمران خان کو پورے پنجاب سے عثمان بزدار کی صورت میں ایک سرخیلا چہرہ ملا ہے جس نے پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کوبریک لگادی ہے۔جس پنجاب میں دنیا بھر سے لوگ سرمایہ کاری کرنے آتے تھے آج اس پنجاب میں مفت ویزوں پر بھی نہیں آرہے۔اس کی بنیادی وجہ عمران خان ہیں۔عمران جس ملک میں بھی گئے انہوں نے پاکستانیوں کو چور اور کرپٹ قوم کہا جو قوم چور اور کرپٹ ہو گی وہاں کون پاگل سرمایہ کاری کرے گا۔اقتدار میں آنے سے قبل عمران خان نے قوم کو خواب دکھایا تھا کہ دنیا بھر سے پاکستان پر ڈالروں کی بارش ہو گی اور غیر ملکی پاکستان میں نوکریاں کرنے آئیں گے لیکن حائق اس کے برعکس ہیں۔ایک سال کے دوران چار لاکھ لوگ بیرون ملک نوکریوں کے شفٹ ہو گئے ہیں۔کیا اس کی ذمے دار بھی اپوزیشن ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1