کشمیر اور پاکستان ملنے تک تقسیم ہند مکمل نہیں ہو سکتی،زاہد قاسمی

کشمیر اور پاکستان ملنے تک تقسیم ہند مکمل نہیں ہو سکتی،زاہد قاسمی

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)مرکزی علماء کونسل پاکستان کے زیر اہتمام بھارت میں دوہری شہریت کے قانون اورکشمیر سمیت ہندوستان میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کیخلاف پریس کلب لاہور کے باہر احتجاجی مظاہرہ اس موقع پر چیئرمین مرکزی علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اہم مسئلہ کشمیر ہے۔جب تک کشمیر اور پاکستان نہیں ملتے تقسیم ہند مکمل نہیں ہوسکتی۔ پاکستانی عوام کشمیری عوام کے ساتھ ہیں۔مودی حکومت نے بابری مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر اور کشمیر کی حیثیت ختم کرنے کا اقدام کیا۔اب تیسرا اس کا اقدام گلگت بلتستان اور مظفر آباد کو بھارت کا حصہ بنانے کا ہے اس اعلان جنگ کے بعد حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔ایل او سی پر بھارت کی طرف سے مسلسل جارحانہ رویہ اختیار کیا ہواہے۔

افواج پاکستان وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کیلئے مودی حکومت کیخلاف جو اقدام اٹھائے گی پوری قو م ان کے شانہ بشانہ ہوگی۔ کشمیر پر امریکی ثالثی گھاٹے کا سودا ہے۔حکومت کشمیر کیلئے سیکورٹی کونسل کا اجلاس بلانے کیلئے اقدامات کرے۔ مرکزی علماء کونسل کے قائدین نے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم مسئلہ کشمیر پر لاک ڈاؤن کو ختم کروائے۔ بھارتی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کیخلاف کشمیریوں کی حمایت کرے۔مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا شاہ نواز فاروقی نے کہا ایل اوسی پر بلااشتعال فائرنگ بزدلانہ فعل ہے۔ نہتے شہریوں کی جان ومال کو نشانہ بنانا بزدلی ہے۔ہندوستان اپنے اندرونی خلفشار سے توجہ ہٹانے کیلئے ایل او سی پر اس طرح کی بزدلانہ حرکتیں کررہا ہے۔ احتجاجی مظاہرہ سے مولانا خالد محمود قاسمی،حافظ شعیب الرحمن قاسمی،حافظ محمد امجد،مولانا حفیظ الرحمن کشمیری،حافظ محمد طیب قاسمی،مولانا مشتاق لاہوری،حافظ مقبول احمد،طلحہ احمد خان ایڈووکیٹ،مولانا رسال الدین آزاد،مولانا اعظم فاروق، مولانا ثاقب عزیز،مولانا عامر اشرف،مولانا عابد فاروقی،مولانا نعیم طلحہ،تنزیل احمد خان،مولانا احمد مدنی،مولانا ضیاء الرحمن فاروقی، حافظ محمد سعید میؤ،مولانا ھارون شاکر،مولانا عبد الرحیم،مولانا طلحہ فاروقی،مولانا قاسم فاروقی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4