کھاد کی قیمتوں میں کمی کیلئے جی آئی ڈی سی ختم کرنے پر غور کرینگے،اسد عمر
اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہاہے کہ حکومت کسانوں کو سستی کھاد فراہم کرنے کیلئے بھاری سبسڈی فراہم کررہی ہے،حکومت مستقبل میں کھاد کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے جی آئی ڈی سی کو ختم کرنے پر بھی غور کرے گی۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کھاد کی فراہمی اور قیمتوں سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ خسرو بختیار، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور وزیراعظم کے معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر اور کھاد کی صنعت کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اعلامیہ میں کہاگیاکہ اجلاس میں کسانوں کو کھاد کی قیمتوں کو کم کرنے اور فراہمی کو یقینی بنانے پر غور کیا گیا۔ اسد عمر نے کہاکہ حکومت کسانوں کو سستی کھاد فراہم کرنے کیلئے بھاری سبسڈی فراہم کررہی ہے۔اسد عمر نے کہاکہ سبسڈی کے طریقہ کار پر مزید سوچنے کی ضرورت ہے۔ اسد عمر نے کہاکہ کاشتکاروں کو براہ راست سبسڈی دینا زیادہ فائدہ مند ہوگا۔اسد عمر نے کہاکہ حکومت مستقبل میں کھاد کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے جی آئی ڈی سی کو ختم کرنے پر بھی غور کرے گی۔ اسد عمر نے کہاکہ حکومت معیشت کے مختلف شعبوں کی ڈی ریگولیشن پر یقین رکھتی ہے، کھاد کے شعبے کو ڈی ریگولیٹ کرنے کیلئے نجی شعبہ بھی تجاویز دے۔اعلامیہ میں کہاگیاکہ کھاد کی صنعت کے نمائندوں نے وزراء کو اپنی فیکٹریوں کی صلاحیت اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔اعلامیہ کے مطابق کھاد کی صنعتوں نے یقین دلایا کہ دو ہفتوں میں اپنی تجاویز حکومت کو پیش کریں گے۔
اسد عمر