چونیاں وبا ء پھیلنے سے 30جانور ہلاک، ویٹرنری محکمہ بیماری کنٹرول کرنے میں ناکام
چونیاں،الہ آباد (نامہ نگار+نامہ نگار)چونیاں اور اس کے گردونواح میں جانوروں کی پراسرار بیماری نے تیس جانور ہلاک کر دیئے۔ ویٹرنری اور لائیو سٹاک محکمے بیماری کو کنٹرول کرنے میں ناکام۔ مزید جانور ہلاک ہونے کا خدشہ۔چونیاں کے گردونواح میں جانوروں میں پر اسرار بیماری پھیل چکی ہے۔ ایک ہفتہ میں 30 کے قریب لاکھوں روپے مالیت کے جانور ہلاک ہو گئے ہیں۔ تحصیل ویٹرنری عملہ اور محکمہ لائیو سٹاک اطلاع دینے کے باوجود وباء کو کنٹرول کرنے میں ابھی تک ناکام ہیں۔ نواحی گاؤں بھاگیوال، بقاپور اور کیتن کلاں کے متعدد زمینداروں محمد ارشاد،احمد حسن،محمد حسین، جعفر،انور، اشرف و دیگر کے لاکھوں روپے مالیت کے مویشی بھنیسیں، گائے، بکریاں وغیرہ پر اسرار بیماری سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ متاثرین کا کہناہے کہ جانوروں کی کوئی ادویات نہیں دی گئیں۔ تحصیل ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر آصف کی انوکھی منطق جانوروں کی حفاظت کے لیے کسی قسم کی کوئی آگاہی مہم نہیں چلائی گئی۔ صرف جانورمالکان کوکہاگیاکہ جانوروں کی جگہ کو خشک رکھیں اور چارہ بھی خشک ڈالیں۔اگر وباء کو فوری کنٹرول نہ کیا گیا مزید سینکڑوں جانور موت کے منہ میں جا سکتے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری لائیو سٹاک جانوروں میں پھیلی وباء کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے اس وبا کو فوری کنٹرول کروائیں۔
جانور ہلاک