انجمن حمایتِ اسلام یتامیٰ کی کفالت و تعلیم و تربیت کا اعلیٰ انتظام کر رہی ہے

انجمن حمایتِ اسلام یتامیٰ کی کفالت و تعلیم و تربیت کا اعلیٰ انتظام کر رہی ہے

  



لاہور (پ ر)حمایتِ اسلام محمد امین پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سنٹر سبزہ زار میں انجمن حمایتِ اسلام کی 135ویں تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شکایت سیل پنجاب کے وائس چیئرمین ناصر سلیمان نے کہا کہ انجمن حمایتِ اسلام یتامیٰ کی کفالت اور تعلیم و تربیت کا اعلیٰ انتظام کر رہی ہے اور سستے سکولز، کالجز کے ذریعے فروغِ تعلیم کے لیے 1884 سے کوشاں ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے مقاصد بھی یہی ہیں کہ تعلیم اور ہنر کی تربیت سے عوام کو غربت سے نکال کر خوش حال بنایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ انجمن کے سیکرٹری جنرل میاں محمد منیر سینئر سیاست دان ہیں، جو 50 برس سے بے لوث رفاہی اور تعلیمی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف ایسی شخصیات کو ہی پاکستان کے اصل ہیرو سمجھتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ انجمن حمایتِ اسلام نوجوانوں کو بے مثال تکنیکی تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہی ہے۔ یہ نوجوان وطن کے زرِ مبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے ساتھ اپنے خاندان اور معاشرے کو بھی ترقی دیں گے۔انجمن حمایتِ اسلام کے سیکرٹری جنرل میاں محمد منیر نے کہا کہ حمایتِ اسلام پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ کا قطعہ اراضی انجمن کو عطیے میں ملا تھا، پھر یہاں محمد امین ٹرسٹ نے ایک عظیم الشان مادرِ علمی کی عمارت بنوا دی۔ انھوں نے کہا کہ انجمن 1884میں ایک مٹھی آٹا کی گھر گھر امداد سے بنی اور 1972میں اسلامیہ کالج ریلوے روڈ، اسلامیہ کالج سول لائنز اور اسلامیہ کالج کوپر روڈ سمیت 15 تعلیمی ادارے حکومت کی جانب سے قومیا لیے جانے کے باوجود آج پھر 18 نئے ادارے قائم کر چکی ہے۔ یہ اپنے دارالشفقت کے علاوہ 550 ملازمین کو 1 کروڑ 10 لاکھ سے زائد تنخواہیں اپنے وسائل سے ادا کرتی ہے اور حکومت سے کوئی امداد نہیں لیتی۔

یہ ادارے انجمن کے عہدیدار، اراکین اور مخیر خواتین و حضرات کے صدقات، زکوٰۃ اور عطیات سے ترقی کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ صدر انجمن جسٹس (ر) منظور حسین سیال کی سربراہی میں تمام عہدیدار اور اراکین اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور اپنی عاقبت سنوارنے کے لیے اعزازی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انھوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ آپ سب کو کسی کامحتاج نہ بنائے۔

حمایتِ اسلام محمد امین پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ کے سیکرٹری ناصر محمود مرزا نے اپنے خطاب میں کہا کہ انجمن حمایتِ اسلام کا اصل مقصد علم کی ترویج ہے، جس کی بدولت مستحق طلبہ جدید علم سے بہرہ ور ہو رہے ہیں۔ یہاں ڈپلوما کورسز اور مکینیکل ٹیکنالوجی کے علاوہ الیکٹرک، سول فنی تعلیم مہیا کی جا رہی ہے تاکہ قوم کے بچوں کا مستقبل سنوارا جا سکے۔ آخر میں مہمانوں نے طلبہ کے بنائے ہوئے ماڈلز اور پراجیکٹس کی نمایش ملاحظہ کی۔ تقریب کے شرکا میں مرزا خادم حسین جرال، مدثر لطیف راں، میاں خورشید انور، ڈاکٹر محمد شفیق، میاں امجد اقبال اور ملک عامر کھوکھر سمیت سیکڑوں طلبہ شامل تھے۔

کیپشن:

حمایتِ اسلام پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ انجمن حمایتِ اسلام کے135ویں یومِ تاسیس کی تقریب میں

مزید : کامرس