الحمرا کلچرل کمپلیکس میں ملی نغموں پر مبنی پروقار شام کا انعقاد

  الحمرا کلچرل کمپلیکس میں ملی نغموں پر مبنی پروقار شام کا انعقاد
   الحمرا کلچرل کمپلیکس میں ملی نغموں پر مبنی پروقار شام کا انعقاد

  



لاہور(فلم رپورٹر)لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے ذیلی ادارہ الحمرا کلچرل کمپلیکس قذافی سٹیڈیم میں ملی نغموں پر مبنی ایک پروقار شام کا انعقاد کیا گیا۔پروگرام کا مقصد افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔نامور گلوکاروں شاہدہ منی، انور رفیع ویگر فنکاروں نے شاندار پرفارمنس پیش کی اور بھرپور ملی نغمے گائے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے اس حوالے سے اپنے تاثرات میں کہاکہ ملکی سرحدوں کے تحفظ کے لئے پاک فوج کی قربانیو ں کو سلام پیش کرنے کے لئے رواں ہفتے الحمرا آرٹس کونسل میں بھی ایک شام کا انعقاد کیا جائے گا،ہماری افواج کا شمار دنیا کی عظیم ترین افواج میں ہوتا ہے۔

،جس کے جوان بہادری اور دلیر ی میں اپنی مثال آپ ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہماری افواج دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے بھرپور طاقت رکھتی ہے،کوئی بھی میلی آنکھ سے اس پاک دھرتی کی طرف نہیں دیکھ سکتی۔ڈپٹی ڈائریکٹر الحمرا کلچرل کمپلیکس نوید الحسن بخاری نے اس شام کو چار چاند لگانے پر فنکاروں کا شکریہ ادا کیا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا اطہر علی خان نے اس حوالے سے مزید کہا کہ الحمرا اس نوعیت کے مزید پروگرام بھی پیش کرتا رہے گا۔ ملی نغموں کے اس شو میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور الحمرا کی کاوش کو سراہا۔

مزید : کلچر