خواتین فرنیچر ڈیزائنرز‘ پروڈیوسرز کی حوصلہ افزائی کرینگے،پی ایف سی

  خواتین فرنیچر ڈیزائنرز‘ پروڈیوسرز کی حوصلہ افزائی کرینگے،پی ایف سی

  



اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان فرنیچر کونسل)پی ایف سی(کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پی ایف سی مقامی اور بین الاقوامی منڈیوں میں فرنیچر کے کاروبار کو شروع کرنے اور فروغ دینے کے لئے خواتین فرنیچر ڈیزائنرز اور پروڈیوسرز کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی۔ انہوں نے یہ بات پیر کو  پی ایف سی ہیڈ آفس میں معروف فرنیچر ڈیزائنر ندا اعجاز کی قیادت میں فرنیچر ڈیزائنرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف سی خواتین کارکنوں کو لکڑی کے کام کی مفت تربیت فراہم کرے گی تاکہ وہ عالمی مارکیٹوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور دنیا بھر میں نئے سرمایہ کاروں اور خریداروں کو ان مصنوعات کی طرف راغب کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف سی مقامی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستانی فرنیچر مصنوعات کو متعارف کرانے اور برآمداے کو فروغ دینے کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور جدید کے تقاضوں کے مطابق ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ دنیا بھر کی مارکیٹوں میں مقابلہ کرسکیں۔ میاں کاشف نے کہا کہ اس صنعت کو تجارتی بنیادوں پر فروغ دینے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی بھی ضرورت ہے جس سے نہ صرف مینوفیکچررز کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر معروف فرنیچر ڈیزائنر ندا اعجاز نے فرنیچر کی صنعت کو فروغ دینے کے لئے خواتین فرنیچر ڈیزائنرز اور کاریگروں کی تربیت کے لئے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

 اور کہا کہ کوئی بھی ملک خواتین کی صلاحیتوں کو بروئے کار لائے بغیر خوشحالی کی منزل حاصل نہیں کر سکتا۔ بدقسمتی سے پاکستان میں بہت سے شعبوں میں خواتین کا کردار آبادی میں ان کے تناسب کے مقابلہ میں کہیں کم ہے۔ درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے خواتین کو بہتر تکنیکی تعلیم فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خواتین فرنیچر ڈیزائنرز اور پروڈیوسرز کی سرپرستی کرنے پر پی ایف سی کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ خواتین فرنیچر کی صنعت میں ترقی اور بہتری کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گی جس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھی راغب کرنے میں مدد ملے گی۔

مزید : کامرس


loading...