اولمپک کی تیاری، تائیکوانڈو ٹیم کے5کھلاڑیوں کو اکوریا بھیجا جائیگا
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مرتضی حسن بنگش نے کہا ہے کہ قومی تائیکوانڈو ٹیم کے پانچ کھلاڑیوں کو اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاری کیلئے آئندہ ماہ جنوری میں کوریا بھیجا جائیگا۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ آئندہ برس مارچ میں چین میں کھیلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن نے پانچ کھلاڑیوں کو ایونٹ کی تیاری کے سلسلہ میں بیرون ملک کوریا بیھجنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں چار مرد اور خواتین کھلاڑی شامل ہیں، ان کھلاڑیوں میں پنجاب سے رب نواز، بلوچستان سے ہارون جان اور شاہ زیب، خیبر پختونخوا سے جبران خان اور زویا صابر شامل ہیں جبکہ ایک خاتون کھلاڑی علینا عائشہ افسر پہلے ہی برطانیہ میں تربیت حاصل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ کھلاڑی ہیں جہنوں نے رواں ماہ نیپال میں کھیلی گئی ساؤتھ ایشین گیمز میں میڈلز حاصل کرکے ملک کا نام روشن کیا۔ گولڈ میڈلز حاصل کرنے والوں میں شاہ زیب (54 کلوگرام)، ہارون خان (58 کلوگرام) اور رب نواز (80 کلوگرام) شامل ہیں۔ جبران خان (74 کلوگرام) اور علینا عائشہ افسر (53 کلوگرام) سلور میڈلز جبکہ زویا صابر(62 کلوگرام) نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ تائیکوانڈو کے کھلاڑیوں نے ساؤتھ ایشین گیمز میں 17 میڈلز حاصل کرکے ملک کا نام روشن کیا جن میں سونے کے تین، چاندی کے چھ اور کانسی کے آٹھ تمغے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرے تاکہ کھلاڑیوں کو مزید بڑھ چڑھ کر کھیلنے شوق پیدا ہو۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ویسے تو تائیکوانڈو کا کھیل ملک میں عام ہوچکا ہے اور گراس روٹ سطح پر تعلیمی اداروں میں اس کھیل کے مقابلے باقاعدگی سے منعقد ہورہے ہیں اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیراہتمام آل پاکستان انٹر یونیورسٹی تائیکوانڈو چیمپئن شپ بھی ہر سال باقاعدگی سے منعقد ہوتی ہے۔