آپس کے جھگڑوں نے کراچی کو کچرہ کنڈی بنادیا، کوڑے کے ڈھیروں پر آوارہ کتوں کا بسیرا کراچی انتظامیہ کا منہ چڑا رہاہے: سینیٹر سراج الحق

 آپس کے جھگڑوں نے کراچی کو کچرہ کنڈی بنادیا، کوڑے کے ڈھیروں پر آوارہ کتوں کا ...
 آپس کے جھگڑوں نے کراچی کو کچرہ کنڈی بنادیا، کوڑے کے ڈھیروں پر آوارہ کتوں کا بسیرا کراچی انتظامیہ کا منہ چڑا رہاہے: سینیٹر سراج الحق

  



کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نےکہاہےکہ وفاق ،صوبے اورکراچی کی انتظامیہ کےآپس کےجھگڑوں نےکراچی کوکچرہ کنڈی بنادیاہے ، کوڑے کے ڈھیروں پر آوارہ کتوں کا بسیرا کراچی کی انتظامیہ کا منہ چڑا رہاہے،لوڈشیڈنگ ، گندہ پانی ، پالوشن ،بےروزگاری اوربدامنی کراچی کی پہچان بن گئی ہے،ملک کا معاشی حب اور منی پاکستان وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی عدم توجہ اوراختیارات کی جنگ سےشدیدمتاثرہواہے،وزیراعظم دورے اوراعلانات کرتےہیں مگران پرعملدرآمد نہیں ہوتا ،کراچی کی صنعت و تجارت کا پہیہ جام ہے اور سرمایہ کار اپنا کاروبار سمیٹ کر باہر منتقل ہورہے ہیں،مسلسل دوسراصدرکراچی سےہےمگرشہر کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آئی ۔

ادارہ نورحق کراچی میں مسلم پرویز اورصوبائی سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ تبدیلی سرکار نے کراچی کی حالت بدلنےاوراسے دوبارہ روشنیوں کا شہربنانےکےبڑے بڑے دعوےکیےتھے،اسی طرح سندھ کی صوبائی حکومت بھی آئےروز دعوی اور وعدے کرتی رہتی ہے,کراچی کی ضلعی حکومت اور انتظامیہ بھی کراچی کےشہریوں کو سہانے خواب دکھاتی ہےمگرشہر کی حالت پہلے سےبھی زیادہ ابترہورہی ہے۔اُنہوں نےکہا کہ وفاقی صوبائی اورضلعی حکومتوں کے درمیان اختیارات کی رسہ کشی نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے،شہر کی کئی مین شاہراہیں گندے پانی کا نکاس نہ ہونے کی وجہ سےجوہڑوں میں تبدیل ہورہی ہیں،ہر طرف کوڑے اورکچرےکےپہاڑ نظرآتے ہیں جن سےاٹھنےوالےتعفن میں سانس لینامشکل ہوگیاہے،لوگوں کے کاروبار اورتجارت ٹھپ ہوچکی ہےشہر کی رونقیں ماند پڑ گئی ہیں,لاوارث شہرکے مکینوں کوئی پرسان حال نہیں،شہرسےاربوں روپےکااکٹھا ہونےوالاریونیو کہاں اور کس کی جیب میں جارہاہے؟اس کا جواب کسی کے پاس نہیں، تینوں حکمران پارٹیاں ایک دوسرے پر الزام لگاتی ہیں مگر اپنی ذمہ داری کا کسی کو احساس نہیں ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کراچی کی رونقیں بحال کرنے اور اسے دوبارہ روشنیوں کا شہر بنانے کے لیے دیانتدار اور خدمت خلق کے جذبے سے سرشار قیادت کی ضرورت ہے جو صرف جماعت اسلامی دے سکتی ہے ،کراچی اور کراچی کے شہری آج بھی عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان کے دور کو یاد کرتے ہیں،کراچی کی محرومیوں کا ایک ہی علاج ہے کہ یہاں کے عوام دوبارہ جماعت اسلامی کو خدمت کا موقع دیں۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی