پی سی بی نے پی ایس ایل کے پراجیکٹ ایگزیکٹو کا تقرر کر دیا، کون سی شخصیت کو ذمہ داری سونپی گئی؟ آپ بھی جانئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شعیب نوید کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا پراجیکٹ ایگزیکٹو مقرر کر دیا ہے جو پیر 30 دسمبر سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
تفصیلات کے مطابق شعیب نوید اس سے قبل پی ایس ایل فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کیساتھ چیف آپریٹنگ آفیسر ( سی او او) کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ نو منتخب پراجیکٹ ایگزیکٹو 2014ءسے 2016ءکے دوران پی سی بی کیساتھ بطور ہیڈ پراجیکٹ منیجر اور پی ایس ایل منیجر مارکیٹنگ کے فرائض بھی سرانجام دے چکے ہیں۔
شعیب نوید نے جیورج ٹاﺅن یونیورسٹی سے کھیلوں میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے جبکہ وہ این ایف ایل پی اے، واشنگٹن وزرڈز اور کیپٹلز کیساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔