پاک فوج دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا گٹھ جوڑ توڑے گی: جنرل عاصم منیر 

  پاک فوج دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا گٹھ جوڑ توڑے گی: جنرل عاصم منیر 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       راولپنڈی(این این آئی) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے اور دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے پاک فوج دہشتگردوں کے سہولت کاروں کیساتھ گٹھ جوڑ کو بھی توڑے گی۔آئی ایس پی آرکے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ان خیالات کا اظہار میران شاہ، شمالی وزیر ستان اور تربیلا کے دورے کے موقع پر کیا، دورے کے دوران آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔دورے کے دوران آرمی چیف کو فیلڈ کمانڈرز نے علاقے کی تازہ ترین سکیورٹی صورتحال اور دہشتگردی کے خاتمے پر بریفنگ دی، جس کے بعد آرمی چیف نے پاک افغان سرحد پر تعینات فرنٹ لائن دستوں کے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی۔جنرل سید عاصم منیر نے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری کی تعریف کی اور کہا کہ سماجی اقتصادی ترقی کے ذریعے دیرپا امن کو یقینی بنایا جا سکے۔پاک فوج سکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے اور دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچانے اور ان کے سہولت کاروں کیساتھ گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے پرعزم ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا پاک فوج قربانیوں سے حاصل کئے گئے امن کو مستحکم کرے گی کیونکہ علاقے کا امن پاکستانی قوم اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی عظیم قربانیوں سے ممکن ہوا ہے۔آرمی چیف نے ہیڈکوارٹرز ایس ایس جی تربیلا کا بھی دورہ بھی کیا اور اسپیشل سروسز گروپ کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔جنرل عاصم منیر نے ضرار کمپنی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ضرار کمپنی کے سپاہیوں نے حالیہ بنوں سی ٹی ڈی کمپلیکس آپریشن کیساتھ ساتھ ایوی ایشن میں بھی بہادری سے خدمات انجام دیں۔آرمی چیف نے مختلف آپریشنز میں ایس ایس جی کمانڈوز کے ناقابل تسخیر جذبے، قربانیوں اور ڈیوٹی کے عزم کی تعریف کی اور کہا ایس ایس جی قوم کا فخر ہے اور اس نے کئی سالوں میں جرات اور بہادری سے ثابت کیا ہے۔
جنرل عاصم منیر

مزید :

صفحہ اول -