مریم نواز کی حکومت میں اقلیتوں کیلیے بھی وہی سہولیات ہیں جو اکثریت کیلیے ہیں: عظمیٰ بخاری 

Dec 24, 2024 | 11:47 PM

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ کرسچن کمیونٹی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دل کے انتہائی قریب ہے،وہ کسی دوسرے مذہب کے لوگوں کو اقلیت سمجھتی ہی نہیں ہیں۔ مریم نواز کی حکومت میں اقلیتوں کے لیے بھی وہی سہولیات ہیں جو اکثریت کے لیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 90 شاہراہ قائد اعظم میں کرسچن کمیونٹی کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔

 عظمٰی بخاری نے کہا  کہ میں آج کرسمس کے شاندار ایونٹ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی نمائندگی کر رہی ہوں اور ادھر آکر مجھے نہایت خوشی ہو رہی ہے۔ بلا شبہ کرسمس ہم سب کے لیے ایک بہت بڑا دن ہے، پنجاب حکومت نے مذہبی اقلیتوں کے لیے بے شمار اقدامات کیے ہیں، جن میں مینارٹیز کارڈز کا اجراء ہونے جا رہا ہے جو کہ ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا, اسکے ساتھ کرسمس گرانٹ میں بھی اصافہ کیا گیا ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایک اہم اجلاس کی صدارت کے دوران ضلعی انتظامیہ اور تمام ڈی سیز کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ کرسمس کے موقع پر تمام گرجا گھروں میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں اور صفائی سے لیکر ڈیکوریشن تک کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ یہ ایونٹ مسیحی کمیونٹی کے ساتھ حکومت پنجاب کا بھی ہے، مریم نواز خود ایسٹر پر مریم آباد گئیں اور بیساکھی پر سکھ کمیونٹی کے ہمراہ موجود رہیں۔ ہندو کمیونٹی کے ساتھ دیوالی منائی، یہ سب اقدامات ثابت کرتے ہیں کہ مذہب کو لیکر حکومت پنجاب میں کوئی تفریق نہیں ہے۔

 انہوں نے تمام شرکاء کو 25 دسمبر کو الحمرا ہال میں کلچر ایونٹ میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ 25 دسمبر کو قائد اعظم محمد علی جناح، میاں نواز شریف کی سالگرہ اور کرسمس کا ایک ہی دن آنے سے خوشیاں کئی گنا بڑھ گئی ہیں۔ کرسچن کمیونٹی کے لوگ پورا سال ہماری خدمت کرتے ہیں، اب انکی خدمت ضرور ہونی چاہیے۔ ہماری حکومت نے اقلیتوں کی فلاح کے لئے متعدد منصوبوں کا آغاز کیا ہے تاکہ ان کی معاشی، سماجی اور تعلیمی حالت کو بہتر بنایا جا سکے۔پنجاب میں کرسچن کمیونٹی کے لئے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں تعلیمی سکالرشپس، صحت کی سہولیات اور معاشی امداد کے منصوبے شامل ہیں۔ حکومت نے کرسچن کمیونٹی کے بچوں کے لیے تعلیمی پروگرامز اور سکالرشپس متعارف کرائے ہیں تاکہ وہ بہتر مستقبل کے لیے تعلیم حاصل کر سکیں۔

مزیدخبریں