(ن )لیگ کی کارکردگی اعلی ٰ ہے،تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کو موقع ملنا چاہیے :شہری
لاہور (محمد نواز سنگرا/الیکشن سیل) ” ن“ لیگ غریبوں کی نمائندہ جماعت ہے آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے مرکز میں نمائندگی کرے گی، جماعت اسلامی نے ہمیشہ غریبوں کے حقوق کے لئے کام کیا، خلفائے راشد ےن کا طرز حکومت لائے گی سب جماعتوں کو آزما لیا تو اب تحریک انصاف کو اقتدار میں آنے کا موقع ملنا چاہیے۔ ”روزنامہ پاکستان“ کی طرف سے سروے میں شہریوں نے ملے جلے خیالات کا اظہار کیا۔ محمد عمران کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو غریبوں کی نمائندہ اور فلاح پرکام کرتی ہے، جماعت اسلامی اسلام کا چارٹر اچھی طرح جانتی ہے اور پاکستان چونکہ اسلامی ملک ہے اور اس میں اسلامی نظام نافذ ہونا چاہیے اسلام سب سے برابری کا درس دیتا ہے اور غریبوں کے ساتھ بھلائی کا حکم دیتا ہے۔ رائے فیصل سنگرا نے کہا کہ جماعت اسلامی غریبوں کی نمائندہ جماعت ہے اس سے توقع کی جاسکتی ہے کہ خلفاءراشدےن کا طرز حکومت رائج کرے گی پاکستان چونکہ اسلامی ملک ہے اور نفاذ اسلام سے ہی اس کی تقدیر بدلی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقی سب جماعتیں مفاد پرست ہیں۔ انہوں نے غریبوں کو کچھ نہیں دیا، جماعت اسلامی کو اقتدار کی ہوس نہیں۔ وسیم خان نے کہا کہ مسلم لیگ نے ہر دور میں غریبوں کی نمائندگی کی اور غریب کی بھلائی کیلئے کام کیا، اٹیمی دھماکوں سے لے کر میٹرو بس منصوبے تک ( ن) لیگ کے عظیم کارنامے ہیں۔ دانش سکول، لیپ ٹاپ سکیم، ییلو کیب سکیم اور سستی روٹی مسلم لیگ ( ن) کی زندہ مثالیں ہیں آئندہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرکے مرکز میں حکومت بناکر غریبوں کے لئے مزید کام کرے گی۔ موسیٰ شیخ نے کہا کہ غریبوں کیلئے ( ن) لیگ کی کارکردگی ڈھکی چھپی نہیں ( ن) لیگ کی ہمدردیاں ہمیشہ غریبوں کے ساتھ رہیں گی اسے وفاق میں بھی حکومت کا موقع ملنا چاہیے۔ ندیم خان نے کہا کہ سب جماعتیں آزمائی جاچکی ہیں صرف تحریک انصاف کو نہیں آزمایا گیا اب اسے آزمانا چاہیے اور تحریک انصاف گراس روٹ لیول پر کام کررہی ہے اور غریبوں اور عام آدمی کو بھی اسمبلیوں تک لانے کی کوشش کررہی ہے غریبوں کو جاگیرداروں اور سرمایہ داروں سے آزاد کرانا تحریک انصاف کا منشور ہے۔ ذوالفقار علی نے کہا ( ن) لیگ نے غریبوں کی حالت بدل دی ہے میاں برادران نے ہمیشہ غریبوں کے حق میں نعرہ لگا یااور عام آدمی کیلئے کام کیا میں توقع کرتا ہوں کہ ( ن) لیگ اگلے انتخابات جیت کر پورے ملک میں غریبوں کی فلاح کیلئے سرگرمیاں بڑھا کر غریبوں کے دل جیتے گی۔ طارق خان نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ غریب آدمی کا ساتھ دیا اور غریب کی بھلائی کیلئے کام کیا شوکت خانم عمران خان کی غریبوں کی فلاح کیلئے زندہ مثال ہے۔ جس سے کوئی بھی پاکستانی انکار نہیں کرسکتا اور تحریک انصاف ہی اس وقت ملک میں غریبوں کی نمائندہ جماعت ہے۔ شیخ طارق نے کہا کہ غریبوں کی ہمدرد صرف اور صرف ( ن) لیگ ہی ہے۔ جس نے نہ صرف غریب کا بھلا چاہا بلکہ پاکستان کے عالمی معیار کو بھی برقرار رکھا۔ انسان کی سب سے اہم چیز روٹی ہے تو کسی نے بھی توجہ نہیں دی صرف ( ن) لیگ نے 2 روپے میں روٹی سکیم چلا کر غریبوں کے دل جیت لئے اور ہم آئندہ الیکشن میں ( ن) لیگ کو ہی ووٹ ڈالیں گے۔ طاہر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئی بھی جماعت غریبوں کی خیر خواہ نہیں سب مفاد پرست ہیں اور اپنے لئے کام کررہے ہیں غریب بھوکا مرتا ہے تو مرے کسی کو کوئی سروکار نہیں۔ رانا وسیم نے کہا کوئی جماعت غریبوں کی ہمدرد نہیں حکمرانوں کے بنگلے، لینڈ کروزر اور گھر کے اندر شاہی نظام چلتا ہے غریب کا کسی کو کوئی خیال نہیں سب اپنے پیٹ کے پجاری ہیں غریب کے لئے نہ پہلے کسی نے کام کیا ہے اور نہ آئندہ کوئی توقع ہے غریب کا صرف اللہ ہی حامی وناصر ہے۔