پیٹرول مہنگا ہوا تو صبرکا پیمانہ لبریز ہوجائیگا ،میاں مرغوب

پیٹرول مہنگا ہوا تو صبرکا پیمانہ لبریز ہوجائیگا ،میاں مرغوب

  

لاہور( جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما وممبرقومی اسمبلی میاں مرغوب احمدنے کہا ہے کہ زرداری لیگ والے ملک وقوم کے مستقبل سے کھیلنا بندکردیں۔وہ ایساکام کیوں کرتے ہیں جس کی انہیں کوئی خاص سمجھ بوجھ نہیں ہے ۔زرداری حکومت نے اہم فیصلے میں منتخب پارلیمنٹ اوراپوزیشن کوبائی پاس کیا ۔اہم قومی ایشوزپرسابق اورممکنہ وزیراعظم کی حیثیت سے میاں نوازشریف کی تشویش بجاطورپردرست ہے۔حکمرانوں کوتنہاپروازکرنے کاشوق ہے ،بحرانوں سے نبردآزماپاکستان ون مین شو کامتحمل نہیں ہوسکتا۔وہ سبزہ زارمیں ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔میاں مرغوب احمدنے مزید کہا کہ اتحادی حکومت کا یکم مارچ سے پٹرول 2روپے80پیسہ مہنگاکرنے کاعندیہ عوام پربجلی بن کرگراہے ۔پٹرول مزید مہنگاہونے سے عوام کے ناتواں کندھوں پرمہنگائی کابوجھ بڑھ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت پٹرول مزید مہنگاکرنے سے گریز کرے ورنہ عوا م کاپیمانہ صبر لبریزہوجائے گا۔حکمرانوں کوزمینی حقائق کاادراک نہیں، وہ پانچ برس میں عوام کے مسائل کاپائیدارحل تلاش کرنے میں ناکام رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو نااہل اوربدنیت حکمرانوں سے کوئی ہمدردی اوران پرقطعاً اعتماد نہیں ہے۔ اتحادی حکمران منافقت کو مفاہمت کانام دے کرعوام کی آنکھو ں میں دھول نہیں جھونک سکتے،نہیں تومفاہمت کے معنی تک معلوم نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوںنے اپنے سیاسی مفادات کیلئے عوام میں نفاق کابیج بویا۔ اگرپیپلزپارٹی نے میثاق جمہوریت کومذاق جمہوریت نہ بنایاہوتاتوآج پاکستان میں بحرانوں اوراندھیروں کاراج نہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ چہروں سے کوئی فرق نہیں پڑتا،حکمرانوں کی کارکردگی ناپسندیدہ اورملک میں تبدیلی کی متقاضی ہے۔ پیپلزپارٹی کے اندرجمہوریت نہیں،حکومت کی پالیسیوں کوتنقیدکانشانہ بنانے پرعوام کوسیاسی انتقام کانشانہ بنایاجاتاہے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -