انجمن حمایت اسلام سکول اور کالج کی عمارت مسمارکرنے کیخلاف جاری حکم امتناعی میں 10مارچ تک توسیع

انجمن حمایت اسلام سکول اور کالج کی عمارت مسمارکرنے کیخلاف جاری حکم امتناعی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے اورنج ٹرین منصوبے کے لئے انجمن حمایت اسلام سکول اور کالج کی عمارت مسمارکرنے کے خلاف جاری حکم امتناعی میں 10مارچ تک توسیع کرتے ہوئے پنجاب حکومت اور ایل ڈی اے کو جواب پیش کرنے کے لئے مہلت دے دی ہے ۔جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس شاہد کریم میں پرمشتمل دو رکنی بنچ نے انجمن حمایت اسلام سکول و کالج کی درخواست پر سماعت کی، پنجاب حکومت کی طرف سے سرکاری وکیل نے بنچ سے استدعا کی کہ اس درخواست میں جواب پیش کرنے کے لئے مہلت دی جائے، بنچ نے استدعا منظور کرتے ہوئے حکم امتناعی میں 10مارچ تک توسیع کر دی، انجمن حمایت اسلام سکول اور کالج کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت نے ملتان روڈ پر اورنج ٹرین منصوبے کا ڈیزائن تبدیل کرتے ہوئے یتم خانہ چوک پر سٹیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اب یتیم خانہ چوک پر اورنج ٹرین کا سٹیشن بنایا جا رہا ہے جس کے لئے انجمن حمایت اسلام سکول اور کالج کی عمارت کو مسمار کر کے جگہ حاصل کی جا رہی ہے اور اس کے لئے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ سکول اور کالج میں ہزاروں یتیم بچے اور بچیاں مفت تعلیم حاصل کرتے ہیں، اگر عمارت مسمار کی گئی تو کئی طلباء و طالبات متاثر ہوں گے لہٰذا انجمن حمایت اسلام سکول و کالج کی عمارت مسمار کرنے سے روکا جائے۔

مزید :

صفحہ آخر -