ڈاکٹرمصباح راٹھور ملک کی پہلی سویلین فلائٹ سرجن بن گئیں
کوئٹہ(ویب ڈیسک)بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر مصباح راٹھور نے ملک کی پہلی سویلین فلائٹ سرجن کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے کولپور سے تعلق رکھنے والی خاتون ڈاکٹر مصباح راٹھور نے ملک میں ایک نئی تاریخ رقم کردی ہے۔
ڈاکٹر مصباح نے بولان میڈیکل کالج کوئٹہ سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد ایرومیڈیکل انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان ایئر فورسز سے ایوی ایشن میڈیسن میں پرائمری اور پھر ایڈوانس کورس میں ڈپلومہ حاصل کیا جس کے بعد ڈاکٹر مصباح صرف صوبے میں ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں پہلی سویلین فلائٹ سرجن بن گئیں۔ فلائٹ سرجن کا کام عام ڈاکٹروں کی نسبت مشکل ہے اور شروع میں فیلڈ میں جاتے وقت وہ گھبرا جاتی تھیں۔
مصباح کا کہنا ہے کہ وہ اپنی کامیابی کا سہرا اپنے والدین اور خاص طور پر اپنے مرحوم والد کو دیتی ہیں جن کی دعاﺅ ں اور تعاون کی بدولت وہ اس مقام پر پہنچی ہیں۔ ڈاکٹر مصباح راٹھور کی والدہ غزالہ راٹھور نے بتایا کہ ان کی بیٹی نے اس مقام تک پہنچنے کے لئے انتھک محنت کی ہے۔ ڈاکٹر مصباح راٹھور کی اب یہ خواہش ہے کہ وہ امریکا سے ایرو سپیس میڈیسن میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیا میں پہلی عسکری و سویلین فلائٹ سرجن کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیں۔