فرانسیسی جیلوں میں 1500 مقامات شدت پسندوں کے لیے مختص
پیرس (این این آئی)فرانسیسی حکومت نے گذشتہ برس اکتوبر میں دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کے اپنے وعدے پرعمل درآمد کرتے ہوئے بنیاد پرست عناصر کو جیلوں میں ڈالنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق فرانسیسی حکومت کے سربراہ ڈوار فیلپ نے ایک بیان میں کہا کہ ملک کو بنیاد پرستی سے پاک کرنے کے لیے انتہا پسند عناصر کو جیلوں میں ڈالا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بنیاد پرست اور انتہا پسند سوچ رکھنے والے افراد کے لیے جیلوں میں الگ تھلگ 1500 مقامات مختص کیے گئے ہیں جہاں ان عناصر کو رکھا جائے گا جبکہ اس منصوبے کے تحت شام اور عراق سے جنگجو گروپوں میں شامل رہنے کے بعد واپس لوٹنے والے کم عمر جنگجوؤں کو ’راہ راست‘ پر لانے کا بھی پروگرام شامل ہے۔ایڈار فیلپ نے انکشاف کیا کہ ملک میں 60 نئے سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔
فیلپ نے ان خیالات کا اظہار ملک کے شمالی علاقوں کے دورے کے دوران کیا۔ اس دورے میں ان کے ساتھ وزیر داخلہ، انصاف، تعلیم اور یوتھ کے وزراء سمیت 12 وزیر بھی ہمراہ تھے۔واضح رہے کہ فرانس میں 500 افرادکو انتہا پسندی کی کاررائیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے جبکہ 1193 افراد پرانتہا پسندانہ نظریات کی طرف مائل ہونے کا شبہ کیا جاتا ہے اور انہیں اسی بنیاد پر قید کیا گیا ہے۔