فاروق ستار اورشاہ محمود قریشی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ،شاہ محمود قریشی نے ڈاکٹر فاروق ستار کو دوبارہ کنوینر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ رہنماؤں کے درمیان مستقبل میں مضبوط روابط کیلئے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق بھی ہوا۔ واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی سینیٹ الیکشن سے قبل مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین سے مسلسل رابطے کر رہے ہیں اور گذشتہ شب بھی انہوں نے وفد کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے تفصیلی ملاقات کی تھی ۔