وہ وفاقی وزیر جس نے دہری شہریت،ٹیکسوں کی ادائیگی ، تعلیمی اسناد اور نکاح نامہ کے حوالے سے غلط بیانی کی،سینئر صحافی نے تہلکہ خیز انکشافات کردیئے

وہ وفاقی وزیر جس نے دہری شہریت،ٹیکسوں کی ادائیگی ، تعلیمی اسناد اور نکاح ...
وہ وفاقی وزیر جس نے دہری شہریت،ٹیکسوں کی ادائیگی ، تعلیمی اسناد اور نکاح نامہ کے حوالے سے غلط بیانی کی،سینئر صحافی نے تہلکہ خیز انکشافات کردیئے

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سینئر صحافی فخر درانی نے جنگ اور دی نیوز میں شائع اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے صرف دہری شہریت ہی نہیں چھپائی بلکہ انہوں نے ٹیکسوں کی ادائیگی، تعلیمی اسناد او ر نکاح نامہ کے حوالے سے بھی غلط بیانی کررکھی ہے۔

روزنامہ جنگ میں شائع ہونے والی فخردرانی کی رپورٹ کے مطابق فیصل واوڈا ماضی میں امریکی یونیوسٹی سے گریجوایٹ ہونے کا دعویٰ کرچکے ہیں تاہم ان کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کے مطابق انہوں نے صرف بی کام کررکھا ہے۔مشکوک ڈگریوں کے علاوہ ان کے پاس ایک ’جعلی نامہ‘ بھی ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فخر درانی سے بیچلر ڈگری، ٹیکس ریکارڈ اور نکاح نامہ سے متعلق الزامات کے بعد انہیں ایک ہفتہ قبل ایک تفصیلی سوالنامہ بھی بھجوایا گیا تھا تاہم انہوں نے ابھی تک اس کا جواب نہیں دیا ہے۔

فیصل واوڈا کو آرٹیکل 63 (1) (سی) اور 62 (1) (ایف) کے تحت اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنی دہری شہریت چھپانے اور اپنی امریکی شہریت سے متعلق حلف اٹھانے کے سنگین الزامات پر عدالتی مقدمات کا سامنا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ان کی دہری شہریت کے کیس کی سماعت آج بغیر کسی کارروائی کے ملتوی ہوگئی۔ یہ جاننے کے لئے کہ کیا دہری شہریت کو چھپانا اور حلف اٹھانا واوڈا کا واحد مکروہ فعل ہے؟

دی نیوز نے پوری طرح سے تحقیقات کیں اور ان کی تعلیمی اسناد اور انکم ٹیکس کے حوالے سے ان کے دعووں کے بارے میں حیرت انگیز تضادات پائے گئے۔ ایک مقدمے میں واوڈا نے حلفاً دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے یونیورسٹی آف نیو پورٹ امریکا سے بیچلر کیا ہے۔

تاہم ان کے کاغذات نامزدگی سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے بی کام کیا ہے۔ انہوں نے عدالت کے روبرو دعویٰ کیا کہ سال 2009 میں انہوں نے 5.16 ملین روپے ٹیکس ادا کیا۔ تاہم ایف بی آر کے آن لائن اعداد و شمار میں اس طرح کا کوئی ریکارڈ نہیں دکھایا گیا ہے۔

2009 میں فیصل واوڈا کنسٹرکشن ٹیکس ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ انہوں نے صفر ٹیکس ادا کیا۔ اسی طرح واوڈا کو اپنی سابقہ اہلیہ کے ذریعے کچھ سنگین الزامات کا سامنا کرنا پڑا ہے جنہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے واوڈا سے کبھی شادی نہیں کی اور وفاقی وزیر نے انہیں بدنام کرنے کیلئے جعلی نکاح نامہ تیار کروایا ہے۔

واوڈا نے اپنا دعویٰ ثابت کرنے کیلئے اپنی مبینہ سابقہ اہلیہ کے ساتھ اپنی شادی کے دستاویزی ثبوت فیملی کورٹ کے سامنے پیش کیے تھے۔انہوں نے سابقہ اہلیہ کے ان کے سابق شوہر کے ساتھ نکاح فسخ ہونے کا سرٹیفکیٹ پیش کیا اور اپنے اور اہلیہ کے درمیان ہونے والی شادی کا نکاح نامہ بھی پیش کیا۔ واوڈا نے فیملی کورٹ کو ا?گاہ کیا کہ ان سے شادی کرنے کے چند ماہ کے اندر ہی سابقہ اہلیہ اپنے سابق شوہر کے ساتھ دوبارہ مل گئی۔تاہم فیصل واوڈا اور ان کی سابقہ اہلیہ کے درمیان خلع نامے کا کوئی ریکارڈ نہیں۔ یہاں یہ سوال اٹھتا ہے کہ وہ اپنے پہلے شوہر کے ساتھ دوبارہ کیسے مل سکتی ہے اگر واوڈا نے خلع کے ذریعے تنسیخ نکاح نہیں کیا۔

قانونی طور پر کیا وہ اپنے پہلے شوہر سے شادی کے فسخ سرٹیفکیٹ (خلع) یا دوسرے شوہر (واوڈا) سے طلاق کے بغیر دوبارہ مل سکتی ہے؟ 02 فروری ، 2011 کو فیصل واوڈا نے ریاست کے خلاف سندھ ہائی کورٹ کے سامنے فوجداری ضمانت کی درخواست نمبر 143 دائر کی۔

واوڈا نے اپنی درخواست میں حلف کے تحت یہ کہا کہ وہ ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ شخص ہیں جنہوں نے نیو پورٹ یونیورسٹی امریکا سے بیچلر کی ڈگری حاصل کی ہے۔ وزیر کے حلف کے تحت غیرملکی تعلیم کا خود ہی انکار ہوجاتا ہے۔

11 جون 2018 کوانہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں اپنے کاغذات نامزدگی کرائے جہاں انہوں نے تعلیم کے کالم میں لکھا کہ انہوں نے بی کام کیا ہے۔ اس حوالے سے پوچھنے کیلئے وزیر سے رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے اس پر کوئی جواب نہیں دیا۔

اسی ضمانت کی درخواست میں واوڈا نے خود کو ایک مثالی تاجر ثابت کرنے کیلئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے صرف 2009 میں انکم ٹیکس کے حساب سے 51 لاکھ، 69 ہزار اور 308 روپے ادا کئے۔ تاہم ایف بی آر کے آن لائن ٹیکس کے اعداد و شمار میں سال 2009 میں فیصل واوڈا کا کوئی ٹیکس ریکارڈ نہیں دکھایا گیا ہے۔

حتیٰ کہ فیصل واوڈا کنسٹرکشن کا ٹیکس ریکارڈ سال 2009 کے دوران زیرو ٹیکس ظاہر کرتا ہے۔ یہ پوچھنے کیلئے واوڈا سے رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے اس پر بھی کوئی جواب نہیں دیا۔

ان سے کہیں زیادہ سنگین الزامات ان کی سابقہ اہلیہ نے لگائے جو انہیں عدالت لے گئیں اور دعویٰ کیا کہ واوڈا نے جعلی نکاح نامہ تیار کیا۔ یہ مقدمہ کراچی کی فیملی کورٹ میں دائر کیا گیا اور دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات لگائے۔

مزید : اہم خبریں /قومی