امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھارت پہنچ گئے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھارت پہنچ گئے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھارت پہنچ گئے

  



نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آ ن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دوروزہ دورے پر بھارت پہنچ گئے۔امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ امریکی صدر کے طیارے ایئر فورس ون نے بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں لینڈ کیا۔امریکی صدر کی صاحبزادی اور مشیر ایوانکا ٹرمپ اور ان کے شوہر جیر ڈ کشنر بھی اس دورے پر ان کے ہمراہ ہیں۔

امریکی صدر کے دورے کے حوالے سے بھارت میں کئی تنازعات بھی سامنے آئے ہیں،نئی دہلی میں احتجاجی مظاہرہ کرنے والوں کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ایک کچی بستی کو چھپانے کیلئے کئی کلومیٹردیوار بنا کر غربت چھپانے کی کوشش کی گئی ہے۔

دوسری جانب بھارتی کانگریس کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی آمد پرحکومت نے احمد آباد پر 100کروڑ روپے خرچ کردیئے ہیں۔کانگریس کی جنرل سیکرٹری پریانکا گاندھی نے نریندر مودی کی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے اور احمد آباد میں ٹرمپ کے دورے پر خرچ کی جانے والی خطیر رقم پر سخت تنقید کی ہے۔

انہوں نے ٹرمپ کے دورے کے حوالے سے بنائی جانے والی کمیٹی کے کردار پر بھی سوالات اٹھائے ہیں پریانکا گاندھی کا کہنا تھا ٹرمپ کے دورے پر کمیٹی کے ذریعے 100کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں مگر کمیٹی ارکان کو یہ معلوم ہی نہیں ہے کہ وہ اس کے رکن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا ملک کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ کون سی وزارت اس کمیٹی کو کتنی رقم دے رہی ہے، جان سکے؟

مزید : اہم خبریں /بین الاقوامی