” پاکستان کیساتھ تعلقات بہت بہتر ہیں اورہم۔۔۔ “بھارت میں کھڑے ہوکر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایسی بات کہہ دی کہ نعرہ لگاتے بھارتیوں کو سانپ سونگھ گیا
احمد آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آبادمیں ہزاروں بھارتی شہریوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب کے دوران پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف کوششوں کی تعریف جس پر بھارتی مجمعے کو سانپ سونگھ گیا۔
بھارتی خبررساں ادارے اے این آئی کے مطابق موئترا اسٹیڈیم میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا”امریکااور پاکستان مل کر دہشت گردتنظیموں اورسرحدی علاقوں میں موجود عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کررہے ہیں اور امریکا پاکستان کے ساتھ انتہائی مثبت انداز میں کام کررہا ہے“۔انہوں نے کہا ”پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات بے حد اچھے ہیں،ان کوششوں کی بدولت ہی پاکستان کے ساتھ بہتری کے امکانات واضح ہوئے۔“ انہوں نے کہا جنوبی ایشیا میں کشیدگی کم کرنے اور استحکام کے حوالے سے پرامید ہیں"
دوسری جانب برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریر ادھوری چھوڑ کرلوگوں کی بڑی تعداد اسٹیڈیم سے نکلنا شروع ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر یہ رائے بھی دی جارہی ہے کہ گجرات خصوصا احمد آبادمیں مسلمانوں کی بڑی تعداد آباد ہے جو یہ توقع رکھ کر وہاں آئی تھی کہ شاید امریکی صدر ٹرمپ بھارت کے مسلم مخالف شہریت ترمیمی بل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی بات کریں گے تاہم ان کی جانب سے ان اہم موضوعات سے گریز نے لوگوں کو مایوس کیااور وہ چلے گئے ۔