آزاد جموں کشمیر کے سابق وزیر اطلاعات و نشریات سردار عابد حسین عابد کے اعزاز میں عشائیہ

آزاد جموں کشمیر کے سابق وزیر اطلاعات و نشریات سردار عابد حسین عابد کے اعزاز ...
آزاد جموں کشمیر کے سابق وزیر اطلاعات و نشریات سردار عابد حسین عابد کے اعزاز میں عشائیہ

  



ریاض (وقار نسیم وامق) پاکستان پیپلزپارٹی سعودی عرب نے آزاد جموں کشمیر کے سابق وزیر اطلاعات و نشریات  سردار عابد حسین عابد کے اعزاز میں ایک عشائیہ دیا جس کی صدارت پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب کے سینئر نائب صدر محمد ریاض راٹھور نے کی، نظامت کے فرائض پاکستان پیپلزپارٹی سعودی عرب کے جنرل سکریڑی سردار محمد رزاق خان نے سر انجام دیے، اس تقریب کے میزبان سردار محمد رشید خان تھے جبکہ سٹیج پر اعزازی مہمان سردار محمد رشید خان، پاکستان پیپلزپارٹی مڈل ایسٹ کے جنرل سکریڑی خالد رانا، سردار آفتاب خان اور صدر ریاضریجن احسن عباسی تھے.

تلاوت قرآن پاک کی سعادت محمد شفیق کو حاصل ہوئی طالب علم حسن امتیاز اور حسین امتیاز نے پاکستان اور کشمیر کا قومی ترانہ پیش کیا، وقار نسیم وامق نے کشمیر کے حوالے سے اشعار پیش کئے اور سامعین سے خوب داد حاصل کی.

مہمان خصوصی آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیر اطلاعات و نشریات سردار عابد حسین عابد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے جو مجھے عزت دی وہ میں کبھی بھول نہیں سکتا، میں بلاول بھٹو کا سپاہی ہوں، 1982 میں پہلی دفعہ جیل جانے کا شرف حاصل ہوا اور مارشل لا دور میں کئی دفعہ حکومت آزاد کشمیر کے جیلوں میں رہنے کا شرف بھی حاصل ہوا، کبھی بھی پاکستان پیپلز پارٹی سے ایک دن بھی باہر نہ رہا پاکستان پیپلز پارٹی زندہ باد کے نعرے لگاتا رہا ہوں میں سٹوڈنٹ یونین اور پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن کا صدر بھی رہ چکا ہوں لوکل کونسلر سے لے کر وزیر تک اپنے فرائض سر انجام دیتا رہا ہوں ذوالفقار علی بھٹو کے نظریات کی بات کرتا رہا ہوں۔

ذوالفقار علی بھٹو جیسے لیڈر صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں جس ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستانی قوم کو 1973 کا متفقہ آئین دیا، 93 ہزار جنگی قیدی آزاد کروائے، قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا، سردار عابد حسین عابد نے مزید کہا کہ آج ہم بلاول بھٹو کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی بات کی جس کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کو شہید کر دیا گیا ہم مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں ان کی آزادی کے لیے ہمیں عملی طور پر جدوجہد کرنی ہوگی وہ دن دور نہیں جب سارے کا سارا مقبوضہ کشمیر آزاد ہوگا.

پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب کے جنرل سکریڑی سردار محمد رزاق خان نے ابتدائی کلمات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم سردار عابد حسین عابد کی الریاض آمد پر ان کو خوش آمدید کہتے ہیں ان کی جدوجہد سے ایک نیا حلقہ نمبر 4 بنا ہے سردار عابد حسین عابد اپنی سیاسی جدوجہد سے اس مقام تک گئے ہیں، روٹی کپڑا اور مکان کا فلسفہ لے کر سیاست کے میدان میں بھٹو آیا تھا اور انہوں نے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کیا تھا آج بھارت نے زبردستی کشمیر کو ہم سے چھین لیا ہے اور آرٹیکل 370 کو ختم کردیا ہے کشمیر کل بھی ہمارا تھا آج بھی ہمارا ہے اب ہم بھارت کے کئی ٹکڑے کریں گے چونکہ اس نے ظلم کیا ہے۔

سردار رشید خان اور سردار آفتاب نے اپنا سارا وقت سابق وزیر حکومت آزاد کشمیر سردار عابد حسین عابد کو دیا پاکستان پیپلزپارٹی مڈل ایسٹ کےجنرل سکریڑی محمد خالد رانا نے کہا کہ ہم سردار عابد حسین عابد کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وہ یہاں تشریف لائے پاکستانی قوم آج بھی کشمیریوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے اور آخری وقت تک کھڑے رہیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی الریاض کے صدر احسن عباسی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک انقلاب کا نام ہے ایک تبدیلی کا پیغام ہے ہم بلاول بھٹو کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔

سردار محمد نصیر خان ایڈیشنل جنرل سکریڑی نے کہا کہ سردار عابد حسین عابد ایک عظیم رہنما ہے ہم ان کو نئے حلقہ کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہیں وہ اصل پارٹی کا سرمایہ ہیں، پی وائی او کے صدر پرویز کھٹانہ نے کہا کہ آج ہمیں کشمیر کے لیے عملی طور پر جدوجہد کرنی ہوگی تب جا کر کشمیر کو آزادی ملے گی آزادی ہمیشہ قربانی مانگتی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی مڈل ایسٹ کے نائب صدر وسیم ساجد نے کہا کہ کشمیر کے لوگوں کو میں مبارکباد دیتا ہوں کہ ان کی جدوجہد رنگ لائے گی 2020کشمیر کی آزادی کا سال ہوگا پاکستان پیپلزپارٹی الریاض کے نائب صدر جہانگیر بدر نے کہا کہ میں سردار عابد حسین عابد کو مبارکباد دیتا ہوں اللہ تعالی ان کو کامیاب کرے، مجلس پاکستان کے جنرل سکریڑی حافظ عبدالوحید نے سابق وزیر کو مبارکباد دی کہ آپ نے ایک نئے علاقے میں اپنا کردار ادا کیا ہے سکریڑی نشرواشاعت فہیم میتلا نے کہا کے ہم آج بلاول بھٹو کی قیادت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں جب تک کشمیر بھارت سے آزاد نہیں ہو جاتا، اس موقع پر کشمیر یونائیٹڈ کرکٹ ٹیم کو گولڈ میڈل دیا گیا، آخر میں مولانا عزیز الرحمن درانی نے دعا کروائی.

مزید : عرب دنیا /تارکین پاکستان