20فیصدآبادی کیلئے ڈیڑھ کروڑ کوروناویکسین جلدآجائیگی، یاسمین راشد

   20فیصدآبادی کیلئے ڈیڑھ کروڑ کوروناویکسین جلدآجائیگی، یاسمین راشد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور  (جنرل رپورٹر)وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے مقامی ہوٹل میں یونیسف کے تعاون سے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرکے زیر اہتمام تعلیمی اداروں میں کوروناوائرس سے بچاؤ کے انتظامات کے حوالہ سے جامع منصوبہ بندی کیلئے پروگرام ”سیف کیمپس“ کی لانچنگ تقریب میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے لانچنگ تقریب کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکے ویژن کے مطابق حکومت پنجاب نے کورونا وباء کے خلاف انتہائی مؤثرطریقے سے جنگ لڑی ہے حکومت پنجاب نے 2020میں کوروناوباء کے مریضوں کے علاج پر14ارب روپے کی خطیررقم خرچ کی ہے۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب میں 19نئی بی ایس ایل لیول تھری لیبز قائم کی گئی ہیں گزشتہ روزکابینہ اجلاس میں مزید 4نئی لیبز قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں کوروناکاشکارمریضوں کا مفت علاج جاری ہے۔ پاکستان کی 20فیصدآبادی کیلئے ڈیڑھ کروڑ مفت کوروناویکسین جلدآجائے گی۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ آگاہی سیمینارکے انعقادکابنیادی مقصد تعلیمی اداروں میں بچوں کو حفاظتی تدابیرکے ذریعے کوروناوباء سے بچانا ہے۔کیمپس کو بچوں کیلئے محفوظ بناناتعلیمی اداروں کی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔کوروناوباء کے تدارک کیلئے محکمہ صحت محکمہ تعلیم کے ساتھ ہرقسم کے تعاون کیلئے تیارہے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ طالبعلموں سے کوروناوباء سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیرپر سختی سے عملدرآمدکروائیں۔کوروناوائرس کے خاتمہ تک وباء کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
یاسمین راشد


 

مزید :

صفحہ آخر -