سینیٹ انتخاب میں اسمبلی کارڈ شناخت اور ووٹ کیلئے استعمال ہو گا،پرویز الٰہی

 سینیٹ انتخاب میں اسمبلی کارڈ شناخت اور ووٹ کیلئے استعمال ہو گا،پرویز الٰہی

  

لاہور(این این آئی) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت سپیکر چیمبر میں الیکشن کمیشن کے نمائندوں کاسینیٹ کے انتخابی عمل کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا ایوان ضابطے کے تحت سینٹ انتخاب پر الیکشن کمیشن کے سپرد کر دیا جائے گا۔ سپیکر نے ہدایت دی کہ الیکشن کمیشن کو ایوان دینے کے لئے اسمبلی سے باضابطہ کارروائی کر کے منظور کروائی جائے گی اور سینٹ انتخاب میں اسمبلی کارڈ شناخت اور ووٹ کے لئے استعمال ہو گا۔سپیکر نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور اراکین انتخابی عمل میں الیکشن کمیشن سے تعاون کریں، انتخابی عمل کو شفاف اور خوش اسلوبی سے مکمل کرنے لئے تعاون کیا جائے۔انہوں نے واضع کیا کہ آج کے اجلاس کا مقصدسینٹ ڈے کے لئے چیزوں کو حتمی شکل دینا ہے۔ اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے امید کا اظہار کیا کہ ایوان بالا کے انتخاب میں تمام سیاسی جماعتیں اور ارکان ذمہ داری کا مظاہر ہ کریں گے۔اجلاس میں حکومت کی نمائندگی وزیر قانون محمد بشارت راجا، صوبائی وزیر چوہدری ظہیر الدین، رکن اسمبلی میاں شفیع محمد نے کی اور اپوزیشن کی جانب سے نمائندگی خلیل طاہر سندھو، ملک ندیم کامران،سمیع اللہ خان اور سید حسن مرتضی نے کی۔اجلاس میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی شریک ہوئے۔

پرویز الٰہی

مزید :

صفحہ آخر -