براڈ شیٹ کو لینے کے دینے پڑ گئے، شریف فیملی کو 45لاکھ کی ادائیگی، نواز شریف کے دشمنوں کو پھر ذلت آمیز شکست ہوئی: مریم 

براڈ شیٹ کو لینے کے دینے پڑ گئے، شریف فیملی کو 45لاکھ کی ادائیگی، نواز شریف کے ...

  

 لندن،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، جنرل رپورٹر،نیوزایجنسیاں)برطانوی فرم براڈ شیٹ کمپنی کو تقریباً 45 لاکھ روپے شریف فیملی کو ادا کرنا پڑ گئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق براڈ شیٹ کے وکلاء نے رقم کی ادائیگی اور شریف فیملی کے وکلا نے رقم وصولی کی تصدیق کی ہے۔براڈ شیٹ نے شریف فیملی کو رقم ایون فیلڈ اپارٹمنٹس اٹیچ کرنے کی درخواست عدالت سے واپس لینے پر لیگل فیس کے اخراجات کی مد میں ادا کی۔شریف فیملی کے وکلاء کے مطابق شریف خاندان نے براڈ شیٹ کے دیوالیہ ہونے سے گزرنے کے سبب معاملہ جلد نمٹایا۔کوئین کونسل کے مطابق براڈ شیٹ نے شریف فیملی کو 20 ہزار پاؤنڈ ادا کئے ہیں۔دوسری جانب رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹ میں کہا کہ نواز شریف کے دشمنوں کو پھر ذلت آمیزشکست ہوئی، کرپشن پکڑنے گئے تھے لیکن 45 لاکھ دے کر جان چھڑوائی، نواز شریف نے کہا تھا میں اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں اور اللہ اپنے بندوں کی حفاظت خود کرتا ہے، عمران خان اور ان کے حواریوں کو بھی جرمانے ادا کرنے ہوں گے جو خزانے سے نہیں ذاتی جیبوں سے نکلوائے جائیں گے۔رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ براڈشیٹ تو اپنے جھوٹے الزامات پر عدالت میں عزت افزائی کروا چکی ہے مگر ابھی ان لوگوں کا احتساب باقی ہے جو پاکستانی عوام کا پیسا اپنی ذاتی انا کی جنگ میں جھونکتے رہے، جو چھپ چھپ کہ براڈشیٹ والوں کو ملتے تھے اور اپنا حصہ مانگتے تھے تاہم اب سب حقائق عوام کے سامنے آئیں گے۔مریم نواز نے کہا کہ براڈ شیٹ کو لندن فلیٹس کے بارے میں سوال اٹھانے اور پھر عدالت سے بھاگ جانے پر نواز شریف کے وکلاء کو 45 لاکھ روپے ادا کرنے پڑے، جھوٹ اور فریب کے کھیل میں اسی طرح لینے کے دینے پڑ جاتے ہیں۔مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سینیٹر پرویز رشید کی کاغذات منظور کرنے کی اپیل مسترد ہونے پر ردعمل میں کہا ہے کہ پرویز رشید ایک فرد کا نہیں،ایک سوچ،ایک نظریے اورجمہوریت کی ایک روشن علامت کا نام ہے۔ ایسی علامتیں ہر حال میں زندہ رہتی ہیں۔ وہ کل بھی پارٹی کا اثاثہ تھے آئیندہ بھی نواز شریف کے معتبر ساتھی اور جمہوریت کے جانباز سپاہی کی حیثیت سے پارٹی کا ہی نہیں قومی سیاست کا سرمایہ رہیں گے۔مریم نوازنے کہاکہ جھوٹ اور فریب کے کھیل میں اسی طرح لینے کے دینے پڑ جاتے ہیں۔الزام تراش, جھوٹوں کے ٹولے کے منہ پر ایک اور زناٹے دار طمانچہ۔ 

براڈشیٹ

مزید :

صفحہ اول -