اپوزیشن صرف شور مچانا جانتی ہے، عوامی خدمت کے سامنے منفی سیاست کی کوئی وقعت نہیں: عثما ن بزدار

  اپوزیشن صرف شور مچانا جانتی ہے، عوامی خدمت کے سامنے منفی سیاست کی کوئی ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے امیدواروں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سینیٹ الیکشن کے حوالے سے مشاورت کی گئی - اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اعجاز احمد چودھری،بیرسٹر علی ظفر،ڈاکٹرزرقا تیمور، عون عباس بپی اورمسلم لیگ(ق) کے کامل علی آغا نے سینیٹ الیکشن کے حوالے سے مشاورت کی - سیف اللہ خان نیازی ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے-سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان،صوبائی وزیرقانون راجہ بشارت،معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان،چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ اور وزیراعلیٰ کے خصوصی کوآرڈینیٹر برائے سیاسی امور عون چودھری نے بھی مشاورتی اجلاس میں شرکت کی-اجلاس میں سینیٹ کے امیدواروں کو کامیاب کرانے کے لئے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت اور مختلف تجاویز پر غورکیا گیا - اجلاس میں سینیٹ الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی -وزیر اعلی عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں تحریک انصاف او رمسلم لیگ(ق) کے امیدوار وں کو کامیاب کرایا جائے گا-امیدواروں کو کامیاب کرانے کے لئے حکمت عملی طے کر لی ہے-اراکین اسمبلی کے گروپس بنائے جائیں گے-امیدواروں اور گروپس کے مابین بہترین کوآرڈینیشن یقینی بنائیں گے-سینیٹ الیکشن کے حوالے سے جلد ہی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا جائے گااور اراکین اسمبلی کو سینیٹ الیکشن کے طریقہ کار او رووٹ کاسٹ کرنے کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی-انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں حکومتی اتحاد کے ا میدوار کامیاب ہوں گے-اپوزیشن صرف شور مچانا جانتی ہے-عوام کی خدمت کرنا ان کے پاس سے بھی نہیں گزرا-گروپس اپنے متعلقہ امیدوار کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے - آپس میں بہترین کوآرڈینیشن کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے -انہوں نے کہا کہ میں خود بھی تمام گروپس اور امیدواروں کے ساتھ رابطہ رکھوں گا اور جلد پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا جائے گا-انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں تحریک انصاف اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئے گی-اپوزیشن کو ہر محاذ پر شکست دی ہے اور آئندہ بھی دیں گے - اپوزیشن کا بیانیہ پٹ چکا ہے اور عوامی خدمت کے سامنے منفی سیاست کی کوئی وقعت نہیں - سردار عثمان بزدار سے چیئرمین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملک امجد علی نون نے ملاقات کی- وزیر اعلی عثمان بزدار نے ملک امجد علی نون کی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کیلئے خدمات کو سراہا -وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو نئے ماڈل پر چلانے کے حوالے سے آپ نے قابل قدر کام کیا ہے -وزیر اعلی نے مزید کہا کہ آپ نے مختصر مدت میں صفائی کے نظام میں بہتری لانے کے لئے بے پناہ کاوشیں کیں اور کمپنی کی گرتی ہوئی ساکھ کو بحال کیا -انہوں نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کے کنٹریکٹ کے نئے ماڈل سے قیمتی زرمبادلہ بچا یا گیا اورلاہور میں کوڑا کرکٹ اٹھانے کے اخراجات میں نمایاں کمی آئی ہے -

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -