غیرمعیاری سلینڈرز کیخلاف کارروائی جاری رکھنے کاحکم

      غیرمعیاری سلینڈرز کیخلاف کارروائی جاری رکھنے کاحکم

  

کراچی(این این آئی)سندھ ہائی کورٹ نے اسکول وین اور پبلک ٹرانسپورٹ میں غیر معیاری سی این جی اور ایل پی جی سلینڈرز کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم جاری کرتے ہوئے سماعت6اپریل تک ملتوی کردی۔منگل کواسکول وین اور پبلک ٹرانسپورٹ میں غیر معیاری سی این جی اور ایل پی جی سلینڈرز کی تنصیب سے متعلق کیس میں سندھ ہائیکورٹ نے پولیس رپورٹ پر برہمی کا اظہار کیا۔سماعت کے دوران آئی جی سندھ کا کوئی نمائندہ پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔دوران سماعت جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ آئی جی سندھ خود پیش ہو کر وضاحت کریں۔سندھ پولیس کے لیگل افسر پر بھی عدالت نے اظہار برہمی کیا۔ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ آئندہ پیش نہیں ہوئے تو آئی جی کو بلائیں گے۔اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وہیکل قوانین میں جرمانے اور سزاؤں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ یہ کیسا قانون ہے کوئی ٹریکر نہیں لگانا چاہتا تو آپ 5ہزار روپے جرمانہ لگائیں گے۔جسٹس امجد سہتو نے ریمارکس دیئے کہ لوگ کیمرے بھی خود لگائیں اور حفاظت بھی خود کریں۔ جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ ایسا قانون بنائیں جو قابل عمل بھی ہو۔ سرکاری وکیل نے کہاکہ یہ مجوزہ ترامیم ہیں منظوری سے پہلے مزید بہتری آئے گی۔عدالت نے سی این جی مالکان کو ایچ ڈی آئی پی سرٹیفائڈ ورکشاپس قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 6 اپریل تک ملتوی کر دی۔

مزید :

صفحہ اول -