ضمنی الیکشن کے نتائج پی ٹی آئی کیلئے نوشتہ دیوار ہیں،نوید بھٹی

     ضمنی الیکشن کے نتائج پی ٹی آئی کیلئے نوشتہ دیوار ہیں،نوید بھٹی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے سیکرٹری ریکارڈ اینڈ ایونٹس نوید بھٹی نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن کے نتائج پی ٹی آئی کے لیے نوشتہ دیوار ہیں۔آئندہ عام انتخابات میں عوام پورے ملک سے جعلی حکمرانوں کا خاتمہ کردیں گے۔سینیٹ انتخابات میں پیپلزپارٹی تاریخی کامیابی حاصل کرے گی۔حلیم عادل شیخ سستی شہرت کے حصول کے لیے ڈرامہ بازی کررہے ہیں۔عوام ان کے کرتوتوں کو بخوبی جانتے ہیں۔منگل کو جاری بیان میں نوید بھٹی نے کہا کہ ملک بھر میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم کے حمایت امیدواروں کی کامیابی سے ثابت ہوگیا ہے کہ عوام کے اصل نمائندے کون ہیں۔پاکستان تحریک انصاف ہر گذرتے دن کے ساتھ عوام کے سامنے بے نقاب ہوتی جارہی ہے۔عوام کو بھوک،بے روزگاری،افلاس اور مہنگائی کا تحفہ دینے والے جعلی حکمرانوں کی رخصتی کا وقت قریب آگیا ہے۔کراچی سے خیبر تک لوگوں نے پی ٹی آئی کو مسترد کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف ہر حلقے میں تیسرے نمبر کی جماعت بن کر سامنے آئے گی۔نوید بھٹی نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں پیپلزپارٹی نے بہترین امیدواروں کا انتخاب کیا ہے۔اسلام آباد کی نشست پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی کامیابی سے سلیکٹڈ وزیراعظم کا حکومت میں رہنے کا جواز ختم ہوجائے گا۔سندھ سے پیپلزپارٹی کے تمام امیدوار کامیابی حاصل کرکے تاریخ رقم کریں گے۔نوید بھٹی نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ساری دنیا جانتی ہے کہ حلیم عادل شیخ کا پس منظر کیا ہے۔وہ جھوٹ کی بنیاد پر سیاست کررہے ہیں۔ضمنی الیکشن میں سرعام اسلحہ کی نمائش کرنے پر قانون حرکت میں آیا ہے ان کی گرفتاری سے سندھ حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔حلیم عادل شیخ سانپ نکلنے اور تشدد کیے جانے کے ڈرامے کررہے ہیں۔عوام ان کے اصل کردار بخوبی واقف ہیں۔سندھ میں قانون کی حکمرانی ہے اور جوبھی قانون کو اپنے ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔پی ٹی آئی اس معاملے کو سیاسی رنگ دے رہی ہے۔دو نہیں ایک پاکستان کے دعویداروں کو چاہیے کہ وہ حلیم عادل شیخ کے جرائم پر پردہ پوشی کرنے کی بجائے ان کی سرزنش کرے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -