ٹیوٹا فوڈ پانڈا کے تعاون سے ورچوئل کچن کے پروگرام کا آغاز کریگا
لاہور(پ ر) چیئرپرسن ٹیوٹا علی سلمان صدیق کا کہنا ہے کہ ٹیوٹا فوڈپانڈا کے اشتراک سے کوکنگ اور کلنری کے 5000 طلبا کو ورچوئل کچن کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن روزگار کمانے کا موقع فراہم کرے گا۔ اس سلسلے میں ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کئے گئے جس میں چیئرمین ٹیوٹا اور سی ای او فوڈ پانڈا نعمان سکندر نے دستخط کئے۔ اس موقع پر سی او او ٹیوٹا اختر عباس بھروانہ بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن ٹیوٹا علی سلمان صدیق کا کہنا تھا کہ ٹیوٹا اپنے نئے وژن پر عمل پیرا ہے جس کے تحت طلبا کو ڈیمانڈ ڈریون کورسز کے تحت روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ اس سلسے میں ہوسپیٹیلیٹی، ٹورازم اور ہوٹلنگ اہم ہیں۔ ہم اپنے طلبا کو فوڈ پانڈا کے ذریعے روزگار کمانے کے مواقع فراہم کریں گے جس سے انٹرپرینئرشپ کوفروغ ملے گا۔ ان کا کہنا تھا یہ قدم ڈیجیٹل ٹیوٹا کے فروغ کی ایک کڑی ہے جس کے تحت طلبا موبائل فون کے ذریعے گھر میں تیار کردہ کھانے فوڈ پانڈا ایپ کے استعمال سے صارفین تک پہنچائیں گے۔ اس پروگرام سے بہت سے طلبا جن کو نوکری نہیں ملی یا وہ اپنا کاروبار نہیں کر سکے روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکے گے۔
۔ فوڈ پانڈا کے سی ای او نعمان سکندر کا کہنا تھا کہ فوڈ پانڈا گھر بیٹھے 4000 افراد کو اب تک تقریبا 3 کروڑ روپے کا روزگار مہیا کر چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیوٹا آ کر خوشی ہوئی کہ یہاں روایتی طریقے سے کام نہیں ہورہا بلکہ انڈسٹری کے ساتھ ملکر ایسی ٹریننگ کروائی جارہی ہیں جو ان کی ضرورت کے مطابق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین ٹیوٹا کا وژن اس حوالے سے ایک تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔