موجودہ حکومت ملازمین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنارہی ہے، ڈاکٹرامجد علی 

موجودہ حکومت ملازمین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنارہی ہے، ڈاکٹرامجد علی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملازمین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنا رہی ہے۔ اعلٰی صوبائی قیادت ملازمین کے سروس سٹرکچر، قواعد و ضوابط کیلئے واضح پالیسی و قانون سازی، زیر التوا ترقیوں اور پنشن مسائل سمیت ان کو سہولیات دینے کیلئے ٹھوس و سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیرِ ہاوسنگ نے منگل  کے روز آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن پراونشل ہاوسنگ اتھارٹی تنظیم کے نو منتخب صدر و کابینہ ارکان کے حلف برداری تقریب کے موقع پر کیا۔ حلف برداری تقریب میں ایپکا پی ایچ اے صدر عرفان بشیر، نائب صدر محمد ادریس، جنرل سیکرٹری عبدالحسیب، ڈپٹی جنرل سیکرٹری اشفاق احمد، فنانس سیکرٹری اختر خان اور پریس سیکرٹری شہزاد حسین کے علاوہ پراونشل ہاوسنگ اتھارٹی کے انتظامی افسران عمران وزیر، شہزادہ بہرام اور امان الحق بھی شریک ہوئے۔صوبائی وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے پراونشل ہاوسنگ اتھارٹی تنظیم کے نو منتخب صدر و کابینہ ممبران کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان سے ان کے مسائل و مشکلات حل کرنے اور اس ضمن میں ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ انہوں نے ملازمین پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کا کوئی کسر نہ چھوڑیں کیونکہ جب ہر شخص اپنے فرائض ادا کرے گا تو دوسروں کے حقوق بھی خودبخود ادا ہوں گے۔پراونشل ہاوسنگ اتھارٹی تنظیم کے نو منتخب عہدیداران نے بھی صوبائی وزیر ہاوسنگ کا شکریہ ادا کیا اور اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن پوری کرنے، پراونشل ہاوسنگ اتھارٹی کی ذمہ داریاں و فرائض مقدم رکھنے اور ملازمین کے حقوق کیلئے اواز اٹھانے کا بھی عہد کیا۔اس موقع پر وزیر ہاوسنگ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت وزیر اعلی محمود خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں تمام ملازمین کو برابر حقوق دلوانے اور سماجی انصاف کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دل سے کام کرنے والے ایماندار و مخلص اہلکاروں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔