ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی بیٹا موبائل ایپ‘ویب سائٹ کا افتتاح

ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی بیٹا موبائل ایپ‘ویب سائٹ کا افتتاح

  

لاہور(نامہ نگار)لاہور ہائی کورٹ کے مسٹرجسٹس علی باقر نجفی نے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی بیٹا (Beta)موبائل ایپلیکیشن اور ویب سائٹ کا افتتاح کردیاہے،فاضل جج کا کہنا ہے کہ پیپر لیس کورٹ ورک ہمارا مستقبل ہے،آج آپ نے ایک تاریخی سفر طے کرلیا، اگر میں اسے نسلوں کا سفر کہوں تو غلط نہ ہوگا،یہ ایک بہت بڑی تبدیلی ہے اس سے آپ اپنا وقت بچائیں گے،اگر ہم ججز اور وکلاء اس پر خود کو ٹرینڈ کرلیں تو بہت آسانی ہوگی،ا فتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاضل جج نے مزید کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار کی ویب سائٹ اور ایپلیکیشن کی لانچنگ پر پوری بار مبارکباد کی مستحق ہے، بار کی جانب سے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ موبائل ایپلیکشن اور ویب سائٹ کے اجرا سے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ وکلاء کیلئے آئی ٹی پر عبور حاصل کرنا بہت ضروری ہے، کورونا وبا کے دوران آئی ٹی کے استعمال میں اضافہ ہوا اور اس کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ادارہ ڈیجیٹلائزیشن کی جانب گامزن ہے،لاہور ہائیکورٹ بار کا یہ اقدام عدالت عالیہ کے بہت سارے اقدامات کی تائید ثابت ہوگا  انہوں نے لاہور ہائی کورٹ کے آئی ٹی کے مستقبل کے منصوبہ جات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں دنیا کے شانہ بشانہ چلنا ہے، اس لئے ہم الیکٹرانک کیس فائلنگ اور ریموٹ ہیرنگ پر بھی کام کررہے ہیں،بلاشبہ یہ ایک لمبا پراسس ہے لیکن ہم نے اس پر کام کا آغاز کردیا ہے،جعلی درخواستوں کی دائرگی روکنے کیلئے آئی ٹی کو استعمال بارے بھی سوچ رہے ہیں،فاضل جج نے بتایاکہ انہوں نے حال ہی میں کراچی کا دورہ کیا اور سندھ ہائی کورٹ میں بائیو میٹرک ویری فیکیشن کے ذریعے کیس فائلنگ دیکھ کر وہ بہت متاثر ہوئے قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ بار کے فنانس سیکرٹری ایڈووکیٹ ذیشان سلہریا نے ویب سائٹ اور موبائل ایپلیکیشن کے فیچرز کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ویب سائٹ اور موبائل ایپلیکیشن سے وکلاء کو بہت آسانی ہوگی،وکلاء کا کام مینوئل ورک سے ڈیجیٹلائزیشن پر ٹرانسفر ہو جائے گا،تقریب کے اختتام پر لاہور ہائی کورٹ بار کی جانب سے جسٹس علی باقر نجفی کو اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا گیا،لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن پہنچنے پر بار کے صدر ایڈووکیٹ طاہر نصراللہ وڑائچ اور سیکرٹری بیرسٹر ہارون دوگل سمیت دیگر عہدیداروں نے جسٹس علی باقر نجفی کا استقبال کیا۔

افتتاح

مزید :

علاقائی -