محکمہ جنگلات نے وسیع پیمانے پر شجرکاری منصوبہ تیار کر لیا
لاہور (اپنے نمائندے سے)محکمہ جنگلات نے رواں ششماہی میں وسیع پیمانے پر شجرکاری کا منصوبہ تیار کر لیاہے۔ اس حوالے سے گرین پنجاب ویژن اور ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کی پیروی میں شجرکاری کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے یہ بات سیکرٹری جنگلات کیپٹن (ر) محمد آصف نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔۔ اس ضمن میں محکمہ جنگلات کے فاریسٹیشن پلان کے مطابق تحصیلوں اور اضلاع کے تعلیمی اداروں، ہیلتھ سنٹرز، کمیونٹی سنٹرز، ڈی ایچ کیوہسپتالوں اور مساجد میں شجرکاری کی جائے گی۔۔
عوام کو شجرکاری کی ترغیب دینے کیلئے مساجد، تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، مرکزی موٹر ویز، شاپنگ پلازوں، بس اڈوں، ریلوے اسٹیشن اور دیگر مقامات کے باہر سیلز پوائنٹس بھی لگائے جائیں گے جہاں عوام کو 2 روپے فی پودا کے حساب سے سبسڈائز پودے دئیے جائیں گے۔ اسی طرح علماء کرام، سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان کے ذریعے بھی عوام میں ترغیب پیدا کی جائے گی۔ کیپٹن (ر) محمد آصف نے کہا کہ شجرکاری کیلئے جنوبی پنجاب کو بالخصوص فوکس کیا جائے گا۔ اس ضمن میں ڈسٹرکٹ فاریسٹ کمیٹیوں کو بھی متحرک کیا جا رہا ہے۔سیکرٹری جنگلات نے مزیدکہا کہ محکمہ جنگلات کی نرسریوں میں 73 ملین پودے تیار کر لئے گئے ہیں جبکہ علماء سے بھی جمعہ کے خطبات میں نمازیوں کو شجرکاری کی ضرورت سے آگاہ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرین پاکستان بنیادی ضرورت ہے اور آلودگی کے مقابلے کیلئے ہر فرد کو اپنے حصے کا کردار ادا کرتے ہوئے کم از کم ایک پودا لگانا ہوگا تاکہ آنے والی نسلیں آلودگی سے پاک وطن میں سانس لے سکیں۔